جوہر جونیئر ہاکی پُرعزم پاکستانی ٹیم بھارت کو زیر کرنے کیلیے تیار

حریف کے حیران کرنے کی عادت نے بلو شرٹس کو پریشان کردیا، کمزور نہیں سمجھیں گے،ہرجیت سنگھ


Sports Desk October 11, 2015
آج افتتاحی میچ میں سامنا، کپتان فاتحانہ آغاز کے منتظر،حریف کے حیران کرنے کی عادت نے بلو شرٹس کو پریشان کردیا، کمزور نہیں سمجھیں گے،ہرجیت سنگھ فوٹو: فائل

پُرعزم پاکستانی ٹیم جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں بھارت کو زیر کرنے کیلیے تیارہے،روایتی حریف ٹیموں کے مابین افتتاحی میچ اتوار کوکھیلا جائے گا۔ بلو شرٹس کپتان ہرجیت سنگھ گرین شرٹس کے حیران کرنے کی عادت سے پریشان ہیں، ان کا کہنا ہے کہ حریف ٹیم کو کمزور سمجھنے کی غلطی ہرگز نہیں کرسکتے۔

پاکستانی قائد دلبر نے ٹورنامنٹ کے فاتحانہ آغاز کا عزم ظاہر کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کا آغازاتوار سے تامن دایا سٹیڈیم جوہر بارو میں ہوگا، 6 ٹیموں پر مشتمل ایونٹ کے افتتاحی میچ میں ہی روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی، بلو شرٹس مسلسل دو بار ٹائٹل اپنے نام کرچکے، ٹیم نے 2013 میں کھیلے گئے لیگ میچ میں پاکستان کو 6-0 اور 2014 میں 4-0 سے شکست دی تھی۔

اس بار دونوں ٹیمیں مکمل تیاری کے ساتھ ملائیشیا آئی ہیں، بھارتی سائیڈ نے مسلسل ایک ماہ تک کوچ ہریندرا سنگھ کی زیرنگرانی بھرپور ٹریننگ کی جبکہ پاکستانی ٹیم کا کیمپ اسلام آباد میں لگایا گیا،اس میں نو منتخب ہیڈ کوچ طاہر زمان نے دیگر آفیشلز کے ہمراہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کی کوشش کی،کپتان محمد دلبر نے گذشتہ روز کہاکہ ان کی خواہش ہے کہ افتتاحی میچ میں روایتی حریف بھارت کو زیر کرتے ہوئے فاتحانہ آغاز کرلیں، اگر ایسا ہوگیا تو پورے ٹورنامنٹ میں کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین ہمیشہ سنسنی خیز مقابلے ہوتے ہیں ہماری کوشش ہوگی کہ اس بار اٹیکنگ حکمت عملی سے حریف سائیڈ کو دباؤ میں لا سکیں۔ دلبر نے کہا کہ تمام کھلاڑی میچ میں سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، اس کے بعد نتائج جو بھی نکلیں فرق نہیں پڑتا۔ دوسری طرف بھارتی ٹیم کے کپتان ہرجیت سنگھ پاکستانی ٹیم کے سپرائز دینے کی عادت سے کافی دباؤ کا شکار ہیں، انھوں نے کہا کہ بے شک گذشتہ دونوں ایونٹ میں ہم نے گرین شرٹس کو بڑے مارجن سے شکست دی لیکن پھر بھی اسے کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین کسی بھی قسم کے مقابلے ہوں ہمیشہ جاندار ہوتے ہیں، ان سے کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

ہرجیت سنگھ نے امید ظاہر کی کہ ان کی ٹیم ناصرف پاکستان کو زیر کرے گی بلکہ ٹائٹل کا کامیابی کے ساتھ دفاع بھی کرلے گی۔ یادرہے کہ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم گذشتہ ایونٹ میں آخری نمبر پر رہی تھی، پیر کو گرین شرٹس آسٹریلیا کا مقابلہ کریں گے،14 اکتوبر کو انگلینڈاور اگلے روز ارجنٹائن سے مقابلہ شیڈول ہے۔ گرین شرٹس اپنے آخری میچ میں 17 اکتوبر کو میزبان ملائیشیا کے مقابل آئیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں