اسرائیل امریکا سب سے بڑی جنگی مشقیں 1000 امریکیوں کی تل ابیب آمد

آسٹر چیلنج 2012 نامی یہ مشقیںدونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان میزائل دفاعی نظام کی تربیت سےمتعلق چھٹی مشترکہ مشقیں ہیں.


Sana News October 22, 2012
مقصد صرف فوجی ہے ، الیکشن سے تعلق ہے نہ علاقے میں جاری کشیدگی سے، امریکی محکمہ خارجہ، میزائل نظام کا تجربہ کیا جائیگا، ذرائع. فوٹو: اے ایف پی

اسرائیل اور امریکا کی افواج کی اب تک کی سب سے بڑی مشترکہ جنگی مشقوں میں حصہ لینے کے لیے ایک ہزار سے زیادہ امریکی فوجی ا سرائیل پہنچ رہے ہیں۔

بلاسٹک میزائلوں کے حملوں سے دفاع پران جنگی مشقوں میں خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اسرائیل میں بنائے گئے مختلف الاقسام بلاسٹک میزائلوں سے بچائو کے ہتھیار یا نظام ان مشقوں میں شامل رہیں گے جن میں کم فاصلے پر مار کرنے والا آئرن ڈوم ہے جو کہ غزہ سے داغے جانے والے میزائلوں کے خلاف اپنی افادیت ثابت کر چکا ہے۔امریکا پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس میزائل اور ان کا جدید ترین ورژن مشقوں میں شامل کرے گا۔مجموعی طور پر ساڑھے تین ہزار امریکی فوجی ان مشقوں میں شامل ہوں گے۔

ان میں کچھ اسرائیل کے اندر، کچھ یورپ میں موجود فوجی اڈوں سے اور کچھ بحیرہ احمر میں موجود ایجز راڈاروں سے لیس بحری جنگی جہاز پر تعینات ہوں گے۔ یہ فوجی مشقیں جنہیں آسٹر چیلنج 2012 کا نام دیا گیاہے دونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان میزائل دفاعی نظام کی تربیت سے متعلق چھٹی مشترکہ مشقیں ہیں۔ یہ مشقیں اس مفروضے پر کی جا رہی ہیں کہ اسرائیل پر دو اطراف سے میزائل حملے کیے جاتے ہیں۔ ان مشقوں میں یہ دیکھا جائے گا کہ میزائل دفاعی نظام کے مختلف اجزا فضا، زمین اور سمندر سے بیک وقت کس طرح ایک مربوط انداز میں اس پیچیدہ صورت حال کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

ان مشقوں کے ایک مختصر حصے میں اصل میں یا لائیو فائرنگ کرنے کی مشق بھی جائے گی۔ امریکی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ مشقیں صرف اور صرف فوجی مقاصد کے پیش نظر کی جا رہی ہیں اور ان کا تعلق کسی طور بھی دونوں ملکوں میں ہونے والے انتخابات سے نہیں اور نہ ہی خطے میں پائی جانے والی کسی قسم کی کشیدگی سے ہے۔ لیکن اسرائیل اور امریکا کی ان مشترکہ فوجی مشقوں کا ایک مقصد بالکل عیاں ہے کہ اگر اسرائیل نے کبھی ایران کے جوہری اثاثوں پر حملہ کیا تو جواباً ایران اسرائیل پر بلاسٹک میزائلوں سے حملہ کر سکتا ہے۔امریکا کے قبل از وقت خبردار کردینے والے مواصلاتی نظام کو کس طرح زمین پر موجود اسرائیلی اور امریکی میزائلوں سے مربوط کیا جا سکتا ہے، ان مشقوں میں اس کا تجربہ بھی کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں