غزہ میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں میں مزید 2 فلسطینی شہید

رواں ماہ اسرائیلی فوج کی دہشت گردی سے 20 فلسطینی جام شہادت نوش کرچکے ہیں


ویب ڈیسک October 11, 2015
اسرائیلی طیاروں نے غزہ میں 2 الگ الگ مکانات کو نشانہ بنایا فوٹو: فائل

اسرائیلی فوج کی فضائی کارروائی کے دوران مزید 2 فلسطینی شہید ہوگئے جس کے بعد رواں ماہ صیہونی کارروائیوں میں جام شہادت نوش کرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ میں 2 الگ الگ مکانات کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 2 خواتین شہید جب کہ 3 زخمی ہوگئے۔ جس کے بعد رواں ماہ اسرائیل کی ننگی جارحیت کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے جب کہ 170 سے زائد زخمی ہیں۔

فضائی حملے کے بعد اسرائیلی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ غزہ کے علاقے سے جنوبی اسرائیل میں راکٹ داغا گیا جس کے بعد جوابی کارروائی کی گئی۔ اسرائیلی طیاروں نے جن 2 اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے ان میں سے ایک 'حماس کا اسلحہ بنانے کا کارخانہ' ہے۔

اسرائیلی فوج کی تازہ جارحیت پر امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ جان کیری نے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو اورفلسطینی اتھارٹی کے صدرمحمود عباس سے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فون پربات کی ہے، جس میں انہوں نے پرتشدد واقعات پر'گہری تشویش' کا اظہار کیا ہے۔

فلسطینی اتھارٹی کے صدرمحمود عباس کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ محمود عباس نے جان کیری کو اسرائیلی فوج کی نگرانی میں یہودی آبادکاروں کی 'اشتعال انگیزی' سے متعلق آگاہ کیا۔

دوسری جانب اردن کی پارلیمنٹ نے بھی گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کے ان کی اپنی زمینوں اور مقدس مقامات سے متعلق حقوق کو سلب کرتے ہوئے پوری دنیا کی آنکھوں کے سامنے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں