این اے 122 کے نتیجے نے 2013 کے انتخابی نتائج پر مہرثبت کردی پرویز رشید

عمران خان کو سمجھ آنی چاہئے کہ 2013 میں ہمارے ووٹ ڈیڑھ کروڑ کیوں تھے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات


ویب ڈیسک October 12, 2015
عمران خان اپنی سیاست کی بنیاد جھوٹ پر رکھتےہیں، پرویز رشید فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ این اے 122 کےعوام نےغلط زبان اور بداخلاقی کی سیاست کو مسترد اور 2013 کے انتخابی نتائج پر مہر ثبت کردی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان پاکستان میں جمہوری عمل اور جمہوری اداروں کوبدنام کررہےہیں، ڈھائی سال سے کہا جارہا تھا کہ پارلیمنٹ جعلی ہے،عمران خان کےالزامات کو جوڈیشل کمیشن نےغلط ثابت کیا، این اے 122 کے نتیجے نے ثابت کیا کہ ایاز صادق کو ملنے والے 50 ہزارووٹ جعلی نہیں تھے، اگرووٹ جعلی تھے تو ایازصادق کو ضمنی انخاب میں 20 ہزار ووٹ ملنے چاہئیں تھے۔

پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان اپنی سیاست کی بنیاد جھوٹ پر رکھتےہیں، ان کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں، گزشتہ روز عمران خان کا جھوٹ ایک دفعہ پھر بے نقاب ہوگیا، وہ پاکستان کے حقیقی مسائل کا ذکر نہیں کرتے، وہ جمہوری اداروں کو بدنام کر کے کمزور کرنے کے لئے جھوٹ الزام تراشی اور گالی کا سہارا لیتے ہیں۔ انتخابی نتائج کو متنازع بنانا پاکستان کے جمہوری اداروں پر کیچڑ اچھالنے کے مترادف ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اوکاڑہ میں قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار کو صرف 7 ہزار ووٹ ملے حالانکہ عمران خان نے وہاں جلسہ بھی کیا تھا لیکن مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو45 ہزار ووٹ ملے، یہ ووٹ تحریک انصاف اور ہم میں فرق ظاہر کرتے ہیں، عمران خان کو سمجھ آنی چاہئے کہ 2013 میں ہمارے ووٹ ڈیڑھ کروڑ کیوں تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں