اصغر خان کیس وزیراعظم نے پیسے لینے کا الزام مسترد کردیا

ہمیشہ اصولوں پر مبنی سیاست کی ہے اور اس قسم کی لین دین سے کوئی تعلق نہیں، وزیراعظم کا ایف آئی اے کو بیان

ہمیشہ اصولوں پر مبنی سیاست کی ہے اور اس قسم کی لین دین سے کوئی تعلق نہیں، وزیراعظم کا ایف آئی اے کو بیان، فوٹو:فائل

KARACHI:
وزیراعظم نوازشریف نے اصغر خان کیس میں بیان ریکارڈ کرادیا جس میں انہوں نے آئی ایس آئی سے پیسے لینے کے الزام کو یکسر مسترد کردیا۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے اصغر خان کیس میں ایف آئی اے کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا جس کے مطابق انہوں نے اس کیس میں آئی ایس آئی سے کسی بھی قسم کی لین دین کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دے دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ہمیشہ اصولوں پر مبنی سیاست کی ہے، اس قسم کی لین دین سے کوئی تعلق نہیں۔






ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے اپنے بیان میں یونس حبیب سے ملاقات کی بھی تردید کردی جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ یونس حبیب سے کبھی نہیں ملے اور نہ ہی انہیں ان سے کسی قسم کی کوئی ملاقات یاد ہے۔ ذرائع کےمطابق وزیراعظم نے ایف آئی اے کو یقین دہانی کرائی کہ کیس میں کسی بھی قسم کی تحقیقات میں وہ قانون کی حکمرانی کے لیے ایف آئی اے سے رابطے میں رہیں گے اور اس حوالے سے ان کی کوئی مدد درکار ہو تو وہ اس کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔



ذرائع کے مطابق کیس میں یونس حبیب کا بیان ریکارڈ کیا جاچکا ہے اور اب ایف آئی اے سابق وزیر عابدہ حسین کے بیان کے لیے بھی ان سے رابطے میں ہے جب کہ جنرل (ر) اسلم بیگ کا بیان تاحال ریکارڈ نہیں ہوسکا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ مرزا اسلم بیگ نے بیان ریکارڈ کرانے کے لیے پہلے ایف آئی اے سے تحریری سوالنامہ مانگا تھا۔

https://www.dailymotion.com/video/x39ojzc_nawaz-sharif-in-asghar-khan-case_news
Load Next Story