پاکستانی ایکسپورٹ میں جولائی تا ستمبر84 کروڑ ڈالر کی کمی

پہلی سہ ماہی میں صرف5ارب 16کروڑ ڈالرکی اشیابرآمدکی جاسکیں، گزشتہ مالی سال ایکسپورٹ6ارب ڈالررہی تھی

3ماہ میں تجارتی خسارہ15فیصدگھٹ کرساڑھے5ارب ڈالرتک محدود، ستمبر میں برآمد20.37 کم رہی،پی بی ایس فوٹو: فائل

پاکستان کی ستمبر میں اشیا کی ایکسپورٹ 20.37 فیصد کی کمی سے 1ارب 73کروڑ 20لاکھ ڈالر تک محدود رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ میں 2ارب 17کروڑ 50لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ماہ اشیا کی درآمد بھی 23.27 فیصدکمی سے 3ارب 48کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہی ستمبر 2014 میں 4ارب 54کروڑ 20لاکھ ڈالر تھی، ستمبر 2015کی تجارت میں پاکستان کو 1ارب 75کروڑ 30لاکھ ڈالر کا خسارہ ہوا جو ستمبر 2014 میں 2ارب 36کروڑ 70لاکھ ڈالر کے خسارے سے 25.94 فیصد کم ہے۔


اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں اشیا کی برآمد 5ارب 16کروڑ 40لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 6ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔

اس طرح پہلی سہ ماہی میں پاکستانی ایکسپورٹ میں 13.93 فیصد یا 83کروڑ 60لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی جبکہ جولائی تا ستمبر 2015 کی مدت میں درآمد بھی 14.39 فیصد گھٹ کر 10ارب 67کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں درآمدی بل 12ارب 47 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہا تھا، اس طرح گزشتہ 3ماہ کے دوران پاکستان کا تجارتی خسارہ بھی 14.81 فیصد کی کمی سے 5ارب 51کروڑ 50لاکھ ڈالر تک محدود رہا جو جولائی تاستمبر 2014 میں 6ارب 47کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہا تھا۔
Load Next Story