جوہر جونیئر ہاکی پاکستان کی ناکامیوں کا سلسلہ رک گیا

انگلینڈ سے مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، میزبان ملائیشیا نے آسٹریلیا کو 3-1 سے اپ سیٹ کیا


Sports Reporter October 15, 2015
انگلینڈ سے مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، میزبان ملائیشیا نے آسٹریلیا کو 3-1 سے اپ سیٹ کیا، ارجنٹائن کیخلاف بھارتی ٹیم 3-2 سے کامیاب فوٹو: فائل

HYDERABAD: سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی کپ میں پاکستان اور انگلینڈ کا میچ برابر ہو گیا، دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں کوئی بھی گول نہ کر سکیں، بھارت نے ارجنٹائن کو 3-2 سے زیر کیا جبکہ میزبان ملائیشیا نے مضبوط حریف آسٹریلیا کو ایک کے مقابلے میں3 گول کر کے 3 قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے۔

ہیڈ کوچ طاہر زمان کا کہنا ہے کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل میچ کا پریشر نہیں لیا اوریہی وہ لمحات ہیں جس کا وہ بے تابی سے انتظارکر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سلطان آف جوہر ہاکی کپ کے دلچسپ مقابلے ملائیشیا کے شہرجوہر بارو میںجاری ہیں، گزشتہ روز بھی تین میچزکا فیصلہ ہوا، پہلے میچ میں پاکستان ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف میچ برابرکھیل کر شکستوں کے سلسلے کو روک دیا۔

دوسرے ہاف میں بھی پاکستانی ٹیم نے عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھا تاہم اس بار بھی پاکستانی فارورڈز گیند کو جال تک پہنچانے میں کامیاب نہیں ہوسکے، کھیل کے 49ویں منٹ میں کپتان محمد دلبر اور 52ویں منٹ میں محمد نوید نے گول کرنے کے سنہری مواقع ضائع کیے۔ کھیل کے آخری 5 منٹ میں انگلینڈ نے نہایت عمدہ کھیل پیش کر کے بازی اپنے نام کرنے کی کوشش کی جسے پاکستانی دفاعی کھلاڑیوں نے ناکام بنا دیا۔65ویں منٹ میں انگلینڈ کی ٹیم پنالٹی کارنر حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی، لیوک ٹیلر کی لگائی ہوئی یہ ہٹ محمد خالد نے ناکام بنا دی۔

ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی نے چیف کوچ طاہر زمان کو باغ باغ کر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل میچ کا پریشر نہیں لیا اور یہی وہ لمحات ہیں جس کا وہ بے تابی سے انتظار کر رہے تھے۔میچ کے اختتام پر میڈیا سے بات چیت میں طاہر زمان کا کہنا تھا کہ گو پاکستانی ٹیم نے میچ کے دوران گول کرنے کے متعدد مواقع ضائع کیے اس کے باوجود میں سمجھتا ہوں کہ کھلاڑیوں نے اب تک کے ایونٹ کے میچز میں سب سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں میں بے پناہ پوٹینشیل ہے،امید کرتا ہوں کہ پلیئرز عمدہ کارکردگی کا سلسلہ اگلے میچز میں بھی جاری رکھیں گے۔ ادھر بھارت نے سنسنی خیز مقابلے میں ارجنٹائن کو 3-2سے زیر کیا جبکہ میزبان ملائیشیا نے مضبوط حریف آسٹریلیا کیخلاف ایک کے مقابلے میں 3گول کر کے 3 قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے۔جمعرات کو مزید تین میچز شیڈول ہیں، پاکستان کا مقابلہ ارجنٹائن کے ساتھ ہوگا۔

انگلینڈ کی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف میدان میں اترے گی جبکہ بھارت کی ٹیم ملائیشیا کیخلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔ دوسری جانب ایونٹ کے اب تک کے میچزکے اختتام پر انگلینڈ 7 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر ہے، ایک پوائنٹ کی دوری کے ساتھ بھارت کا دوسرا اور 4 پوائنٹس کے ساتھ ارجنٹائن کاتیسرا نمبر ہے۔ ملائیشیا کی 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی ، آسٹریلیا کی 3 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور پاکستان کی ایک پوائنٹ کے ہمراہ چھٹی پوزیشن ہے۔

یاد رہے کہ ایونٹ کے ابتدائی2 میچزمیں قومی ٹیم کو بھارت اور آسٹریلیا کے ہاتھوں شرمناک شکستوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تمن دایا ہاکی اسٹیڈیم میںہونے والے اس میچ میں پاکستان ٹیم نے میچ کے آغاز میں ہی جارجانہ انداز اپنایا اور حریف ٹیم کے خلاف پے درپے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا تاہم حریف ٹیم کے عمدہ ڈیفنس کی وجہ سے پاکستانی فارورڈ لائن گیند کو جال میں پھینکنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ پہلے ہاف کے اختتام تک اسکور بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |