محرم الحرام حکومت سندھ نے مجالس میں لاؤڈ اسپیکرز کے استعمال کی اجازت دیدی

اشتعال انگیزتقریرہوئی توذمے داران کیخلاف سخت کاروائی ہوگی،وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی شیعہ علماکے وفدسے گفتگو


Staff Reporter October 15, 2015
علما کومجالس کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے اورجلوسوں کی گزرگاہوں کی صفائی ستھرائی سے متعلق یقین دہانی،وزیربلدیات نے بریفنگ دی ۔فوٹو : ایکسپریس / فائل

وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے شیعہ علماکی درخواست پرمحرم کے دوران جلوسوں اور مجالس میں لاؤڈاسپیکرکے استعمال کی اجازت دے دی ہے اوراس حوالے سے نوٹیفیکشن بھی جاری کردیاجائے گا۔

یہ منظوری انھوں نے گزشتہ روزوزیراعلیٰ ہاؤس میں شیعہ علماکے ساتھ اجلاس کے دوران دی۔اجلاس میں وزیر بلدیات سیدناصر شاہ ،وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی ڈاکٹرقیوم سومر وبرائے مذہبی امور،آئی جی سندھ پولیس غلام حیدرجمالی،کمشنر کراچی شعیب صدیقی،وزیراعلیٰ سندھ کے معاونین خصوصی وقار مہدی،راشد ربانی ودیگرنے شرکت کی۔اس کے علاوہ مولانا نظیرعباس، مولانا باقر زیدی، مولانا فرقان حیدر عابدی، مولانا جعفر سبحانی و دیگر شیعہ علمانے بھی شرکت کی۔

شیعہ علمانے کہا کہ حکومت نے جلسے جلوسوں کے دوران لاؤڈ اسپیکرکے استعمال پر پابندی عائد کی ہوئی ہے جس کی وجہ سے محرم الحرام کے دوران بڑے اجتماع اورماتمی جلوسوں سے بغیرلاؤڈ اسپیکر خطاب کرنے کے لیے علماکومشکلات کا سامنا ہوگا،اس کے علاوہ محرم کے جلسے جلوسوں کے دوران عزاداروں کو ضروری ہدایات دینے کے لیے بھی لاؤڈ اسپیکر کا استعمال ضروری ہوتا ہے لیکن پابندی کی وجہ سے بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس موقع پروزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت لاؤڈاسپیکر کے استعمال پرپابندی عائدکی گئی ہے لیکن اگرمحرم کی مجالس میں لاؤڈ اسپیکرکے استعمال کی اجازت دی جائے تو اس کے استعمال میں بہت احتیاط برتناہوگی اورکوڈ آف کنڈکٹ کے تحت استعمال کرناہوگابصورت دیگراشتعال انگیزتقاریرہوئی توذمے داران کیخلاف سخت کاروائی ہوگی۔

شیعہ علمانے وزیراعلیٰ سندھ کوبتایاکہ محرم کے جلسے جلوسوں کے دوران بھی کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ کرتی ہے جس پر کمشنرکراچی نے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیاکہ انھوں نے کے الیکٹر ک کے سی ای او سے بات کی ہے اور محرم کے دنوں میں باالخصوص جلسے جلوسوں کے علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاکٹر قیوم سومرو کوہدایت کی کہ وہ اپنے محکمے میں ایک شکایتی سیل قائم کریں اورکوڈآف کنڈکٹ یا دیگر ایشوز پر عوامی مسائل سننے کیلیے فون نمبرز کی تشہیر کرائیں۔

وزیراعلیٰ نے علماکی طرف سے واٹر سپلائی اورنکاسی آب کے مسائل کے حل کے لیے وزیر بلدیات ناصر شاہ کو اجلاس کو بریفنگ دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شیعہ علما کے تعاون اور ہم آہنگی کے لیے شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ انہوں نے سنی علماکے ساتھ بھی اجلاس کیاتھاجس میں انھوں نے صوبے میں امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے یقین دہانی کرائی ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں