ایان علی کیخلاف فرد جرم کا معاملہ ایک بار پھر لٹک گیا باعزت بری کرنے کی درخواست دائر

عدالت کا آئندہ کوئی تاریخ نہ دینے کا اعلان، کیس کی سماعت28 اکتوبر تک ملتوی


ویب ڈیسک October 15, 2015
ایان علی کو رواں برس مارچ میں 5 لاکھ امریکی ڈالر اسمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا.فوٹو: فائل

کرنسی اسمگلنگ کیس میں ایان علی کے وکیل نے اپنے موکل کو باعزت بری کرنے کی درخواست دائر کردی ہے جس کے باعث ایان علی پر فرد جرم عائد کرنے کا معاملہ ایک بار پھر لٹک گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب کی عدالت میں پیش ہوئیں۔ سماعت کے موقع پر ایان علی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کے خلاف نیا چالان پیش ہونے تک فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی اور نئے چالان میں کیس کے نامزد ملزمان اویس اور ممتاز کے حوالے سے بھی واضح کیا جائے، معاملے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد فرد جرم کی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔ لطیف کھوسہ نے درخواست میں یہ موقف بھی اختیار کیا کہ ان کے موکل کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں ہوئے ہیں لہذا انھیں باعزت بری کیا جائے۔

دوسری جانب کسٹم حکام نے ایان علی کے وکیل کی جانب سے دائر دونوں درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج ہی دونوں درخواستوں پر بحث کے لئے تیار ہیں تاہم لطیف کھوسہ کا موقف تھا کہ آج ان درخواستوں پر بحث نہ کی جائے بلکہ نئی تاریخ دی جائے۔

عدالت نے ملزمہ کے وکیل کی جانب سے معاملے پر بحث نہ کرنے کے موقف پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اگر آپ کی درخواست صرف تاریخ لینے کے لئے ہے تو صاف بتادیں ہم آپ کو ویسے ہی تاریخ دے دیں گے لیکن اگر آپ کی درخواست قانونی ہے تو پھر آج ہی معاملے پر بحث کریں۔

عدالت نے کسٹم حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کردی تاہم عدالت نے ملزمہ کے وکیل لطیف کھوسہ سے کہا کہ آئندہ سماعت کے موقع پر معاملے پر ہر صورت میں بحث مکمل کی جائے اور اگر آپ خود پیش نہیں ہو سکتے تو اپنے جونیئر وکیل کو بھیج دیں تاکہ کیس کو مزید نہ لٹکایا جائے، عدالت نے ماڈل ایان علی کے وکلاء پر یہ بھی واضح کیا کہ آئندہ کیس میں کوئی نئی تاریخ نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ ماڈل ایان علی کو رواں برس مارچ میں اسلام آباد کے بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے 5 لاکھ امریکی ڈالر بیرون ملک اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم تقریباً 7 ماہ ہو جانے کے باوجود ان پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں