دو پریمی ایک ہوگئے

سیف اور کرینا کی لَواسٹوری مکمل ہوئی


Nadeem Subhan October 22, 2012
سیف اور کرینا نے شادی کی تقریب سے ذرائع ابلاغ کو یکسر دور رکھا۔ فوٹو : فائل

16 اکتوبر کو بولی وڈ کی ایک اور پریم کہانی اپنے منطقی انجام کو پہنچی جب سیف علی خان اور کرینا کپور جیون بھر کے لیے ایک دوسرے کے ہوگئے۔

ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کے ایک ہوجانے کے بعد یہ دوسری شادی تھی جس کا فلمی حلقوں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو بھی شدت سے انتظار تھا۔ دونوں فلمی ستاروں کے پرستار پچھلے پانچ سال سے ان کے ایک ہوجانے کے منتظر تھے۔ گذشتہ منگل کو ان کا یہ طویل انتظار بالاخر ختم ہوگیا۔ 42سالہ سیف کا تعلق بھارت کی سابق ریاست پٹودی کے نواب خاندان سے ہے۔

وہ پٹودی کے نواب منصور علی خان مرحوم اور ماضی کی معروف اداکارہ شرمیلا ٹیگور کا لخت جگر ہے۔ منصور علی خان بھارت کی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی رہے تھے۔ سیف کا شمار بولی وڈ کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے۔ دوسری جانب 32 سالہ کرینا کپور بھی ہندی فلم انڈسٹری کی سپراسٹار ہے۔ اس کا تعلق بھارت کے معروف فلمی خاندان، کپور فیملی سے ہے۔

وہ ماضی کے مقبول اداکار رندھیرکپور اور ببیتا کی بیٹی ہے۔

سیف اور کرینا نے شادی کی تقریب سے ذرائع ابلاغ کو یکسر دور رکھا۔ حالاں کہ ایک ٹیلی ویژن چینل کی جانب سے شادی کی کوریج کے معاوضے کے طور پر کرینا کو تین کروڑ روپے کی پیش کش بھی کی گئی تھی، مگر کرینا نے یہ پیش کش ٹھکرا دی تھی۔ اس طرح ان کے پرستار اپنے پسندیدہ اداکاروں کی زندگی کے یادگار ترین لمحات دیکھنے سے محروم رہے۔ شادی کی تقریب سیف علی خان کی باندرہ میں واقع رہائش گاہ میں انجام پائی۔ شادیوں کا اندراج کرنے والی اہل کار سریکھا رمیش کے مطابق یہ ایک رجسٹرڈ شادی تھی جس کے گواہوں میں کرینا کے والد رندھیر کپور، والدہ ببیتا اور سیف کی والدہ شرمیلا ٹیگور شامل تھیں۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو اگرچہ رہائش گاہ کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی تاہم باہر ان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شادی کے بعد رندھیر کپور اور ان کی بڑی بیٹی کرشمہ کپور نے بالکونی میں آکر باہر کھڑے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور سیف اور کرینا کے پرستاروں کی جانب دیکھ کر ہاتھ ہلائے۔ بعدازاں سیف اور کرینا بھی کیمرے کی گرفت میں آگئے۔ دونوں نے بے حد سادہ لباس زیب تن کر رکھا تھا۔ کرینا سبز رنگ کے کرتے شلوارمیں ملبوس تھی اور اس نے سرخ رنگ کا کڑھائی دار دوپٹہ شانوں پر لیا ہوا تھا۔ سیف نے سفید شلوار اور سرمئی رنگ کا کُرتا پہن رکھا تھا۔ خوشی دونوںکے چہروں سے چھلکی پڑ رہی تھی۔

یہ کہا جارہا تھا کہ سیف اور کرینا کی پہلے رجسٹرڈ شادی ہوگی،بعدازاں شام کو ایک ہوٹل میں باقاعدہ ان کی تقریب نکاح ہوگی لیکن کرینا کے قریبی دوست اور فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا کے مطابق نہ تو قاضی کو بلایا گیا اور نہ باقاعدہ نکاح ہوا۔ بس دونوں نے ایک دوسرے کو انگوٹھیاں پہنائیں اور ایجاب و قبول کیے۔ منیش کا کہنا ہے کہ سیف اور کرینا کی شادی کے دوران کسی مخصوص مذہب کا رنگ نظر نہیں آیا۔ کرینا کی ساس، شرمیلا ٹیگور نے اپنی شادی سے پہلے اسلام قبول کرلیا تھا۔ جب کرینا سے پوچھا گیا کہ کیا وہ بھی شادی سے پہلے مسلمان ہونے کا ارادہ رکھتی ہے تو سپراسٹار نے اس بارے میں کچھ بھی کہنے سے انکار کردیا تھا۔

سیف کی رہائش گاہ پر ہونے والی شادی کی تقریب میں صرف انتہائی قریبی عزیز و اقارب شریک تھے، البتہ اسی شام ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں فلمی دنیا سے وابستہ متعدد شخصیات شریک ہوئیں جن میں اداکار،فلم ساز، ہدایت کار، گلوکار سبھی شامل تھے۔ منیش کے مطابق اس تقریب کے دوران نواب خاندان کی بہو نے سیف علی خان کی دادی کا غرارہ زیب تن کیا تھا۔ سیف کی والدہ نے بھی اپنے نکاح کے موقع پر یہی غرارہ پہنا تھا۔ اس غرارے کی تزئین و آرائش کی ذمہ داری دہلی کی ڈیزائنر ریتو کمار کے سپرد کی گئی تھی۔ منیش کے مطابق ایجاب و قبول کے وقت کرینا نے یہی خاندانی غرارہ زیب تن کر رکھا تھا۔ بعدازاں اس نے لباس تبدیل کرلیا تھا۔ غالباً بھاری، کامدار غرارے نے بولی وڈ کی ' بیبو'کو تھکا دیا تھا۔ شوبز کی معروف شخصیات سے سجی اس محفل میں مہمانوں کی تعداد ایک سو کے لگ بھگ تھی۔

کرینا کی یہ پہلی جب کہ نواب زادے کی دوسری شادی تھی۔ سیف نے پہلی شادی ماضی کی معروف اداکارہ ، امرتا سنگھ سے 1991ء میں کی تھی۔ اس وقت سیف 21 سال کا تھا جب کہ امرتا کی عمر 33 سال تھی۔ سیف کی پہلی شادی 2004ء میں طلاق پر منتج ہوئی۔ امرتا سے سیف کے دو بچے سارہ اور ابراہیم علی خان ہیں۔ سارہ 18 سال کی ہے جب کہ ابراہیم علی خان کی عمر 11 سال ہے۔ یوں تو سیف کے بچے اپنی ماں کے پاس رہتے ہیں لیکن اپنے والد کی دوسری شادی میں دونوں شریک ہوئے۔ امرتا سے رشتہ ختم ہوجانے کے بعد اطالوی ماڈل، روزا کیٹالونا کے ساتھ سیف کی دوستی کی خبریں آنے لگی تھیں۔ پھر انھیں متعدد بار ایک ساتھ بھی دیکھا گیا۔ روزا سے سیف کی دوستی تین سال تک چلی۔ کہا جارہا تھا کہ وہ شادی کرنے والے ہیں لیکن پھر اچانک ان کا تعلق ختم ہوگیا۔ بعدازاں یہ بات سامنے آئی کہ اطالوی ماڈل سیف سے کنارہ کش ہوگئی تھی کیوں کہ سیف نے اسے اپنی پہلی شادی اور بچوں سے بے خبر رکھا تھا۔

دوسری جانب کرینا کپور کا نام سب سے پہلے شاہد کپور کے ساتھ لیا گیا تھا۔ شاہد سے کرینا کی دوستی کا آغاز 2004ء میں ہوا تھا۔ ان کی دوستی 2007ء میں '' جب وی میٹ'' کی شوٹنگ مکمل ہونے تک برقرار رہی اور پھر کرینا نے شاہد سے راہیںجدا کرلیں۔ تین برس کے عرصے میں شاہد اور کرینا نے پانچ فلموں میں کام کیا اور سوائے '' جب وی میٹ'' کے تمام فلمیں فلاپ رہی تھیں۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ ''جب وی میٹ'' بھی اس وقت ریلیز ہوئی تھی جب ان کی راہیںجدا ہوچکی تھیں۔

بولی وڈ کی سب سے گلیمرس اداکارہ کی نواب زادے سے دوستی کی ابتدا 2007ء میں ڈائریکٹر وجے کرشنا اچاریا کی فلم '' ٹشن'' کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی۔ اس سے قبل کرینا جے پی دتا کی ''ایل او سی کارگل''( 2003ء) اور وشال بھردواج کی'' اوم کارا'' میں سیف کے ساتھ کام کرچکی تھی، لیکن ان فلموں میں ان دونوں کے مشترکہ سین چند ایک ہی تھے۔ '' ٹشن'' کی شوٹنگ کے دوران وہ ایک دوسرے کے قریب آئے، پھر یہ قربت بڑھتی چلی گئی اور بہت جلد یہ دونوں فلمی ستارے بولی وڈ کا مقبول ترین جوڑا بن گئے۔ تاہم ان کی یہ مقبولیت اسکرین پر اپنا جادو نہیں چلاسکی۔ سیف اور کرینا کے پرستاروں نے '' ٹشن'' کے بعد انھیں '' قربان'' (2009ء) اور پھر '' ایجنٹ ونود'' (2012ء ) میں دیکھا لیکن یہ تینوں فلمیں فلاپ ثابت ہوئیں۔

سیف نے کرینا کو جیون ساتھی بنانے کا ارادہ 2009ء میں ظاہر کیا تھا، لیکن اس کے بعد سے دونوں اپنی شادی کے ذکر پر خاموش ہی رہے۔ البتہ رواں برس کے آغاز میں شرمیلا ٹیگور نے کہہ دیا تھا کہ اس برس سیف اور کرینا شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ پھر جب ستمبر میں ولیمے کے دعوت نامے کی تصاویر ذرائع ابلاغ کی زینت بنیں تو یہ تصدیق ہوگئی کہ جلد ہی دونوں فلمی ستارے جیون بھر کے لیے ایک ہونے والے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں