عام آدمی پارٹی کا استاد غلام علی کے کنسرٹ کی حفاظت اپنے کارکنوں سے کرانے کا فیصلہ

عام آدمی پارٹی کی دعوت پر استاد غلام علی 8 نومبر کو نئی دہلی میں کنسرٹ کریں گے

عام آدمی پارٹی کی دعوت پر استاد غلام علی 8 نومبر کو نئی دہلی میں کنسرٹ کریں گے، فوٹو:فائل

ہندو انتہا پسند تنظیم شیوسینا کی دھمکیوں کے بعد عام آدمی پارٹی نے معروف پاکستانی غزل گائیک استاد غلام علی کے کنسرٹ کی حفاظت اپنے کارکنوں سے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہندو انتہا پسند تنظیم شیوسینا پاکستان دشمنی کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتی، کبھی فن کے میدان میں تو کبھی ادب کے میدان میں پاکستان دشمنی انتہا پسند تنظیم کا وطیرہ ہے۔


ممبئی میں معروف پاکستانی غزل گائیک استاد غلام علی کا کنسرٹ منسوخ کرانے کے بعد بھی انتہا پسند جماعت کو چین نہ آیا اور عام آدمی پارٹی کی دعوت پر نئی دہلی میں ہونے والے کنسرٹ کو بھی منسوخ کرنے کا مطالبہ شروع کردیا ہے جس کے بعد عام آدمی پارٹی نے بھی کنسرٹ کی حفاظت کے لیے اپنے کارکنوں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عام آدمی پارٹی کی دعوت پر نئی دہلی میں 8 نومبر کو استاد غلام علی کا کنسرٹ منعقد ہوگا جب کہ عام آدمی پارٹی کے سینئر رہنما سنجے سنگھ کا کہنا تھا کہ کسی بھی تنظیم کو استاد غلام علی کے کنسرٹ کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اسی لیے کنسرٹ کی حفاظت کے لیے پارٹی کے کارکن تعینات ہوں گے۔
Load Next Story