جاوید میانداد اور یونس دونوں ہی عظیم بیٹسمین ہیں ظہیر عباس

بڑے کھلاڑیوں کا کبھی بھی آپس میں موازنہ نہیں کیا جاتا، رنز بتاتے ہیں کہ کون کیا ہے

انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی پاکستان کو بھاری قیمت چکانا پڑی، شائقین واپسی چاہتے ہیں فوٹو: فائل

پاکستان کے سابق بیٹسمین و آئی سی سی صدر ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ جاوید میانداد اور یونس خان دونوں عظیم بیٹسمین ہیں، بڑے کرکٹروں کا کبھی بھی موازنہ نہیں کیا جاتا، ہر پاکستانی ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے بیتاب ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے بی بی سی سے بات چیت کے دوران کیا۔


انھوں نے کہا کہ جاوید میانداد اور یونس خان دونوں عظیم بیٹسمین ہیں، بڑے کرکٹروں کا کبھی بھی موازنہ نہیں کیا جاتا، رنز بتا دیتے ہیں کہ بیٹسمین کتنا بڑا ہے، کتابوں میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ کس بیٹسمین نے کتنے رنز کیے کوئی یہ نہیں دیکھے گا کہ یہ رنز کس وکٹ پر اور کس طرح کیے۔ ظہیرعباس نے کہا کہ یونس خان کا پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ ایک بڑا کارنامہ ہے جس پر ہمیں فخر کرنا چاہیے۔

یونس خان اس وقت اپنے کیریئرکے اہم موڑ پر ہیں اور ان کی موجودہ فارم بتا رہی ہے کہ وہ بڑی آسانی سے دس ہزار سے زائد رنز بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ظہیر عباس نے کہا کہ ہر پاکستانی کی خواہش ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ دوبارہ مکمل طریقے سے بحال ہو اور بڑی ٹیمیں بھی وہاں جا کر کھیلیں کیونکہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی پاکستان کو بھاری قیمت چکانی پڑی ہے، نوجوان کرکٹر اپنے ہیروز کو اپنے سامنے کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔
Load Next Story