سیکریٹری وزارت دفاع لیفٹینٹنٹ جنرل ریٹائرڈ آصف یاسین ملک نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی کے سیاسی سیل کو 5 سال قبل ہی ختم کر دیا گیا تھا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع اور دفاعی پیداوار کے اجلاس میں سیکریٹری دفاع نے بتایا کہ ڈرون طیارے شمسی ایئر بیس سے ہی اڑتے تھے اور انہیں حکومت کی مکمل حمایت حاصل تھی۔ انہوں نے مزیدبتایا کہ امریکا نے نائن الیون کے بعد پاکستان کو 12 ارب روپے دئیے مگر شمسی ایئر بیس کے استعمال پر امریکا نے کوئی معاوضہ نہیں دیا۔
سیکریٹری وزارت دفاع نے قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں بجٹ کی تفصیلات بھی پیش کیں اور بتایا کہ تمام دفاعی شعبوں میں باقاعدگی سے آڈٹ ہوتا آ رہا ہے۔ انہوں نےبتایا کہ موجودہ سال دفاع کے لئے 545 ارب روپے مختص کئے گئے جس میں سے 264 ارب روپے آرمی، 114 ارب روپے ایئر فورس ، 52 ارب روپے نیوی اور 92 ارب روپے آئی ایس آئی، جوائنٹ ہیڈ کوارٹر، آئی ایس پی آر اور ڈیفینس پروڈکشن کے لئے رکھے گئے تھے۔