مقبوضہ بیت المقدس جھڑپوں میں مزید 2 فلسطینی شہید درجنوں زخمی

بیت ہنون کراسنگ میں19سالہ عبدالقدیر فرحت کوشہیدکردیاگیا


AFP October 17, 2015
نابلوس میں مشتعل افرادنے حضرت یوسف ؑ کے مزارکوآگ لگادی،اسرائیلی فوج کاالزام، اگر یہ پیغمبر ؑکامزار تھا توصرف یہودیوں کیلیے ہی مقدس کیوں ہے، مسلمانوں اور عیسائیوں کیلیے کیوں نہیں؟ عالمی خبر رساں اداروں کا اعتراض فوٹو: اے ایف پی

ISLAMABAD: غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان اشراف القدرہ نے بتایا کہ غزہ کے شمالی علاقے میں بیت ہنون کراسنگ میں جھڑپوں کے دوران اسرائیلی فورسز نے سیدھی فائرنگ کرکے ایک فلسطینی نوجوان 19سالہ عبدالقدیر فرحت کوسر پر گولی مار دی جس سے وہ شہید ہوگیا جبکہ جھڑپ کے دوران فائرنگ سے دیگر 30 فلسطینی بھی زخمی ہوگئے ۔

گزشتہ روز جمعے کے دن حماس اور اسلامی جہاد کی طرف سے اعلان کردہ ''یوم انقلاب '' کے موقع پر غزہ کے مختلف علاقوں میں فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فورسز میں ہیبرون، بیت اللہم اور دیگر شہروں میں شدیدجھڑپیں ہوئی ہیں،کریات عربہ آبادی میں ایک فلسطینی نوجوان جس نے ایک فوٹو جرنلسٹ کا روپ دھار رکھا تھا نے چاقو سے حملہ کر کے ایک اسرائیلی فوجی کو زخمی کر دیا، اسرائیلی فورسز نے اس نوجوان کو بھی گولی مار کر شہید کر دیا، بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ میں 40 سال سے کم شہریوں کے داخلے پر پابندی کے باعث نماز جمعہ باہر شاہراہ پر ادا کی گئی ۔

دوسری طرف قابض اسرائیلی فوج نے الزام لگایاہے کہ شہر نابلوس میں مشتعل فلسطینوں کے ایک گروپ نے حضرت یوسف ؑ کے مزار کو جزوی طور پر آگ لگا دی گئی جسے جلد ہی بجھا دیا گیا اور مزار کے کچھ حصے کو نقصان پہنچا ہے، عالمی خبر رساں ادارے روئٹرز نے اپنی رپورٹوں میں اسے ''یہودیوں کیلیے ایک اہم مذہبی مقام'' لکھا ہے،روئٹرز اور دیگر عالمی خبر ایجنسیوں نے اعتراض کرتے ہوئے لکھاہے کہ '' مغربی اردن کے کنارے کے فلسطینی شہر نابلوس میں یہودی روایات کے مطابق یہ مزار حضرت یوسف ؑ کا ہے، جن کا ذکر انجیل میں بھی ملتا ہے لیکن جو بات واضح نہیں کی گئی وہ یہ ہے کہ اگر یہ مزار واقعی حضرت یوسف کا ہے تو اسے صرف یہودیوں کے لیے ہی مذہبی اہمیت کا حامل کیوں لکھا گیا.

حضرت یوسف یہودیوں کیساتھ ساتھ مسیحیوں اور مسلمانوں کے لیے بھی قابل احترام ہیں،، فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے یہودیوں کے مقدس مقام کو نذر آتش کرنے کے واقعے کی مذمت کی ہے، انھوں نے کہا مقبرے کو جلایا جانا ایک غیر ذمے دارانہ حرکت ہے اور فلسطینی اتھارٹی اس مقبرے کی تعمیرِ نو کریگی،دوسری طرف اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان تشدد کے حالیہ واقعات کے بعد صورت حال پر غور کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا، اقوام متحدہ میں متعین سفارت کاروں نے بتایا ہے کہ سلامتی کونسل کے رکن ملک اردن کی درخواست پر یہ ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔