پھر شروع ہوتے ہیں ’’بگ باس‘‘کے ہنگامے

مقبول عام شو کے سیزن 9 کا آغاز، ایک نظر دل چسپ حقائق اور ماضی کے تنازعات پر


نرگس ارشد رضا October 18, 2015
مقبول عام شو کے سیزن 9 کا آغاز، ایک نظر دل چسپ حقائق اور ماضی کے تنازعات پر ۔ فوٹو : فائل

LONDON: اپنی تمام تر مستیوں، ہنگاموں، تنازعات، ایکشن، ڈراما بازی اور قہقہوں کے ساتھ بگ باس سیزن 9 کا آغاز ہو چکا ہے۔

اس شو کے میزبان حسب سابق سلمان خان ہی ہیں۔ وہ گذشتہ چھے سیزنز کی میزبانی کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔ چینل والوں کا خیال ہے کہ اس شو کی مقبولیت میں سلمان کا اسی طرح ہاتھ ہے جیسے کون بنے گا کروڑ پتی کو امیتابھ بچن نے شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔

اس لیے وہ محض تجربے کی خاطر کسی نئے ہوسٹ کو کاسٹ کرنے کا خطرہ نہیں لے سکتے۔ ابتدا میں یہ بھی سننے میں آرہا تھا کہ بگ باس سیزن 9 کی ہوسٹ فلم ڈائریکٹر اور کوریو گرافر فرح خان ہوں گی، کیوںکہ لاسٹ سیزن یعنی بگ باس 8کے آخری چند شوز فرح نے ہوسٹ کیے تھے۔ سلمان کے پاس اس پروگرام کو مزید جاری رکھنے کا وقت نہیں تھا اور اپنی فلموں کی دی گئی تاریخ پر شوٹنگز پر چلے گئے تھے۔

تب چینل کی انتظامیہ نے فرح خان کو ہائر کیا تھا۔ اس بار شو کا نام بگ باس سیزن 9 ڈبل ٹربل رکھا گیا ہے، جس کا مطلب کہ اس بار شو میں صرف کپلز ہی شرکت کر یں گے۔ ہر سال نئے سیزن پر بگ باس ہاؤس کو نئے تھیم کے ساتھ سجایا اور اس کی تزئین و آرائش کی جاتی ہے۔

بگ باس کا شمار انڈیا کے ایسے شوز میں کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنے آڈینس کو انٹرنیشنل فارمیٹ فراہم کیا ہے۔ سلمان خان کا شمار اب منہگے ترین ایکٹر کے ساتھ سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے ہوسٹس میں بھی ہونے لگا ہے۔ بگ باس نائن کی ہر قسط کے لیے ان کا معاوضہ ساٹھ ملین روپے ہے۔ چینل والے یہ معاوضہ بہ خوشی ادا کر رہے ہیں۔

بگ باس نائن کے لیے شو بز سمیت مختلف شعبوں کی کئی نامی گرامی شخصیات کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی، لیکن ان سب نے اپنی مصروفیات کے باعث معذرت کرلی تھی۔ ان شخصیات میں دلجیت کور، میا خلیفہ، سدھارتھ کارنک، ایلوین شرما، جیکی شیروف، پونم پانڈے، ہنی سنگھ، سونا ریکا بہادریہ اور شمع سکندر شامل ہیں۔ بگ باس شوبز کی تاریخ کا کام یاب ترین پروگرام بن چکا ہے۔ اسی لیے اس کی ہر قسط کا انتظار ناظرین کو بڑی بے چینی سے رہتا ہے۔

٭بگ باس سے متعلق چند دل چسپ حقائق:
بگ باس کے ایک سیزن کی میزبانی کے فرائض سپر اسٹار امیتابھ بچن نے بھی انجام دئے تھے۔
ونود دارا سنگھ بگ باس کے سب سے عمررسیدہ ونر اور اشوتوش کوشک سب سے کم عمر ونر تھے۔ جب وندو دارا نے بگ باس کا فائنل جیتا اس وقت ان کی عمر 41سال اور اشوتوش نے جب فتح حاصل کی تب اس کی عمر 28 سال تھی۔

بگ باس کی تین ونر خواتین شویتا تیواڑی، جوہی پارمر اور اروشی ڈھلکیا، ایکتا کپور کی ایک ڈراما سیریل میں ساتھ کام کر چکی ہیں۔

بگ باس سیزن 4تمام سیزنز کا وہ واحد شو تھا جس میں لائیو شادی کا اہتمام کیا گیا تھا۔

نوجت سدھو سنگھ بگ باس کے ہردل عزیز ممبر تھے۔ انہیں پورے شو کے دوران زیرو Evictionووٹ ملے، جب کہ پوجا مشرا اب تک سب سے زیادہ Eviction ووٹ حاصل کرنے والی واحد خاتون ہیں۔

بگ باس سیزن تھری سب سے کم عرصہ یعنی صرف 84دنوں تک آن ایئر رہا، جب کہ سیزن 7سب سے لمبے وقت تک یعنی 105دنوں تک چلتا رہا۔
JADE GOODYبگ باس کی پہلی غیرملکی شریک تھی۔

بگ باس ہاؤس کی صفائی کا کام ملازمین ہی کرتے ہیں۔ اس کے لیے مخصوص وقت مقرر ہے۔ اس صفائی کے دوران تمام ہاؤس ممبرز کو باہر بھیج دیا جاتا ہے۔ ٹی وی پر صفائی کے لیے ایک دوسرے سے کی جانے والی لڑائی محض ایک ڈراما ہوتی ہے۔ حقیقتاً ان تمام ممبرز کو بہت معمولی سی صفائی کرتے دکھا یا جاتا ہے۔

بگ باس ہاؤس کے بارے میں یہ بھی کہا جاتا رہا ہے کہ یہ گھر آسیب زدہ ہے اور کئی افراد نے یہاں مختلف قسم کی پراسرار آوازیں بھی سنی ہیں، جب کہ کچھ نے تو اس بات کا بھی دعویٰ کیا ہے کہ انہیں رات کے وقت کسی عورت کا چلتا پھرتا سایہ بھی نظر آتا رہا ہے۔

بگ باس ہاؤس میں تقریباً 86کیمرے لگائے جاتے ہیں۔ ان کیمروں کی آنکھ سے گھر کا کوئی کونا بھی چھپا ہوا نہیں ہوتا اور ان میں دو قسم کے کیمرے ہوتے ہیں۔ روبوٹک کیمرے کمروں میں لگائے جاتے ہیں اور دوسرے ٹیک کیمرے شیشے کی دیوار کی دوسری جانب لگائے جاتے ہیں۔

ان باہر لگائے جانے والے کیمروں کے بارے میں ہاؤس ممبرز لاعلم ہوتے ہیں۔جو، ممبرز شراب نوشی کے عادی ہوتے ہیں انہیں آن کیمرا ڈرنک کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی کہ اس سے نوجوانوں پر برے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اس لیے ایسے عادی افراد کو جوس کے پیکٹس میں الکحل ڈال کر دی جاتی ہے، جسے آن کیمرا بی پیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ بہ ظاہر وہ جوس پی رہے ہوتے ہیں لیکن اصل میں پیکٹس میں شراب ہوتی ہے۔

٭بگ باس سیز ن کے کچھ مشہور تنازعات
بگ باس بھارت کا شوبز سیلیبریٹز کا کام یاب ترین شو ہے، لیکن یہ لڑائی جھگڑوں اور مختلف تنازعات کے حوالے سے دیگر تمام شوز کا باس بھی ہے۔ بگ باس کی تاریخ میں سب سے بڑی متنازعہ شخصیت پر نظر ڈالی جائے تو راکھی ساونت ان میں ٹاپ پر نظر آتی ہے۔

سیزن ون میں راکھی ساونت نے صرف اس بات پر ایک ہنگامہ مچا دیا تھا کہ اس کا کپ امیت سدھ نے کیو ں استعمال کیا، راکھی نے اس کے خلاف ایک محاذ کھڑا کرلیا اور گالم گلوچ بھی کی۔ بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ ایسا پروگرام کی مقبولیت بڑھانے کے لیے جان بوجھ کر یہ ڈراما کیا گیا تھا۔ امیت کا کہنا تھا کہ راکھی کے اس رویے کی بنا پر اسے ہاؤس سے نکال دینا چاہیے جس سے اس لڑائی میں شدت پید اہو گئی تھی۔

اس کے علاوہ شو کے شروع میں راکھی نے امیت کو اپنا بوائے فرینڈ قرار دیا تھا، جب کہ اگلے کچھ روز میں وہ دوسرے ہاؤس ممبر ابھیشیک آوستی سے محبت کے دعوے کرنے لگی۔ راکھی کو ان جھگڑوں سے کوئی فائدہ ملا ہو یا نہیں مگر اس طرح پہلے ہی سیزن کی شہرت آسمانوں تک جا پہنچی۔

سیزن 2میں راجہ چوہدری اور سمبھاوانہ کے تعلقات نے بگ باس کو ایک بار متنازعہ شو بنا دیا۔ سب ہی جانتے ہیں کہ راجہ چوہدری ایک بگڑا ہوا انسان ہے جو بہت جلد غصے میں آکر اپنا ٹیمپر لوز کر جاتا ہے۔ اس کا خیال تھا کہ بگ باس میں انٹری سے اس کی شہرت ہوجائے گی اور سپراسٹار بن جائے گا۔

ایسا کچھ بھی نہ ہوسکا الٹا اپنے برے رویے کی بدولت وہ سب کی نظروں میں بُرا انسان بن گیا۔ ہر کوئی اس سے نفرت کرنے لگا تھا۔ اس شو مین راجہ نے بھوج پوری اداکارہ سمبھاوانہ سے محبت اور نفرت کا رشتہ استوار کرلیا۔ اس کے سرد گرم مزاج کو کچھ عرصے تک سمبھاوانہ برداشت کرتی رہی۔ بعدازاں اس نے یہ تعلق توڑ دیا۔ اس کے بعد ان دونوں کی سرد جنگ کا آغاز ہوگیا ۔

سیزن 3 میں کمال راشد خان نے خود سے تنازعات کو ہوا دی۔ ان کا رویہ اور مزاج بگ باس ہاؤس کے کسی ممبر سے میل نہیں کھاتا تھا۔ خاص طور سے روحیت ورما سے کمال کی اچھی خاصی جیلسی تھی۔ ایک شو کے دوران کمال نے روحیت کو بوتل بھی دے ماری تھی۔ لیکن اس کا نشانہ چوک گیا تھا سب ہی ہاؤس ممبرز کا خیال تھا کہ اسے اس کے برے رویے کی وجہ سے باہر نکال دینا چاہیے اور ایسا ہی ہوا۔

سیزن 4میں ڈولی باندرا نے لڑائی جھگڑے اور بدکلامی کرکے جتنی شہرت حاصل کی وہ ان کے پورے کیریر میں انہیں کبھی دوبارہ نہ ملی ہوگی۔ آج بھی ڈولی کی پہچان بگ باس کی کنٹروورسی ہی ہے۔ پورے سیزن میں ان کا ڈائیلاگ میرے باپ پر مت جانا خاصا مشہور ہوا۔

سیزن 5 میں پوجا مشرا نے اسی سلسلے کو جاری رکھا اور اپنے برے رویہ کی وجہ سے سب ہی کی نظروں میں خراب بنی اسے جب غصہ آتا، تو وہ اس پر کنٹرول نہ کر پاتی اور غصہ کی حالت میں ہی اس نے ہاؤس کی کئی چیزوں کو بھی توڑ ڈالا تھا۔ کئی بار اپنے مضحکہ خیز ڈریسنگ کی وجہ سے بھی اس نے لوگوں کو کو خود پر ہنسنے کے مواقع فراہم کیے۔

سیزن6میں امام صدیقی سے سب ہی خوف زدہ رہتے تھے، کیوںکہ ان کے چہرے پر شیطانی تاثرات رہتے اور وہ ہر ایک کے لیے کچھ نہ کچھ برا کرنے کا ہی سوچتے۔ اسی لیے ہاؤس کے کئی ممبرز ان سے بات چیت ہی نہ کرتے اور ان سے دور دور رہتے تھے۔ وہ جان بوجھ کے ڈراما اور لڑائی کرنے کے مواقع پیدا کرتے تھے۔ اس سیزن میں سب سے قابل نفرت ممبر امام صدیقی ہی تھے۔

سیزن7میں کشال کندن نے پچھلوں کی روایات کو برقرار رکھا کشال نے تانیشا مکرجی کو اپنا نشانہ بنا رکھا تھا بگ باس سیزن کے تمام شوز اور ممبرز میں کشال وہ واحد ممبر تھا جس نے سلمان خان سے بھی منہ ماری اور بد کلامی کی تھی اور سلمان اتنا غصہ میں تھے کہ اسے ہاؤس میں جا کر مارنا چاہتے تھے ۔



بگ باس ہاؤس کے اب تک کے فاتح اور میزبان
سیزن 1، ہوسٹ، ارشد وارثی، ونرراہول رائے، جیتی ہوئی رقم ایک کروڑ روپے۔
سیزن 2، ہوسٹ شلپاشیٹھی، ونر اشوتوش کوشک، رقم ایک کروڑ روپے۔
سیزن 3، ہوسٹ امیتابھ بچن، ونر وندودارا، رقم ایک کروڑ روپے۔
سیزن 4، ہوسٹ سلمان خان، ونر شویتا تیواڑی، رقم ایک کروڑ روپے۔
سیزن 5، ہوسٹ سنجے دت، ونر جوہی پرمار، رقم ایک کروڑ روپے۔
سیزن 6سلمان خان ونر اروشی ڈھولکیا رقم پچاس لاکھ۔
سیزن 7سلمان خان ونر گوہر خان رقم پچاس لاکھ۔
سیزن 8 سلمان خان ونر گلتی رقم پچاس لاکھ روپے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں