پٹیل برادری کی دھمکی بھارت جنوبی افریقا میچ کے دوران مودی کے گڑھ میں کرفیو کا سماں

راجکوٹ میں دفعہ 144 نافذ، موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل

پٹیل برادری نے بھارت جنوبی افریقا میچ تہس نہس کرنے کی دھمکی دی تھی۔ فوٹو: فائل

مطالبات منظور نہ ہونے پر پٹیل برادری کی جانب سے بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان تیسرا ایک روزہ میچ رکوانے کی دھمکی کے بعد مودی کے گڑھ راجکوٹ میں دفعہ 144 کے نفاذ کے باعث کرفیو کا سماں ہے۔


بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت ریاست گجرات کے شہر راجکوٹ میں بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ کھیلا جانا ہے تاہم پٹیل برادری کی جانب سے میچ رکوانے کی دھمکیوں کے بعد شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے جب کہ موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی اتوار صبح 10 بجے پیر صبح 6 بجے تک معطل رہے گی۔ راجکوٹ کے سوراشترا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم کے اندر اور ہاہر سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے جب کہ ہفتے کے روز دونوں ٹیموں نے پریکٹس بھی سخت سیکیورٹی میں کی۔ پٹیل برادری کی جانب سے بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان کسی بھی قسم کی ہنگامہ آرائی کو روکنے کے لئے 2100 اہلکار گراؤنڈ میں تعینات کئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پیٹل برادری کے نوجوان رہنما ہردک پٹیل نے دھمکی دی تھی کہ اگر مودی سرکار نے ہمارے مطالبات منظور نہ کئے تو بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان ہونے والا میچ نہیں ہونے دیں گے اور کھلاڑیوں کے گراؤنڈ جانے کے راستے کو بھی بلاک کردیں گے۔ گجرات میں پٹیل برادری کی جانب سے دوسری اقلیتوں کی طرح اپنے کوٹے لئے گزشتہ 2 ماہ سے احتجاجی مظاہرے کر رہی ہے، مظاہروں کے دوران پرتشدد واقعات میں متعدد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی بھی ہو چکے ہیں۔
Load Next Story