خیبر پختونخوا میں تبدیلی آ گئی ایل آر ایچ میں مریض اپنی چارپائیاں خود لانے لگے

لیڈی ریڈنگ اسپتال میں مریض علاج کے لئے اپنی چارپائیاں خود لانے پر مجبور ہو گئے ہیں


ویب ڈیسک October 18, 2015
اسپتالوں میں سہولیات کے لئے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے بات کروں گا، شہرام ترکئی۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

تحریک انصاف کی جانب سے خیبر پختونخوا میں تبدیلی کا نعرہ شرمندگی کا باعث بنتا جا رہا ہے اور صوبے کے سب سے بڑے اسپتال میں فیس بڑھنے کے باوجود مریض علاج و معالجے کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے 2 روز قبل سرکاری اسپتالوں کی فیس دوگنی کی گئی ہے لیکن اس کے صوبے کے سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ اسپتال کا یہ عالم ہے کہ وی آئی پیز کے لئے تو آرام دہ کمرے موجود ہیں لیکن غریب مریض علاج کے لئے اپنی چارپائیاں لانے پر مجبور ہیں۔ ایل آر ایچ کے مردانہ وارڈ میں بستر نہ ہونے کی وجہ سے 10 مریض اپنی چارپائیاں خود لے آئے ہیں اور انہی پر مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نئے بیڈ خریدنے کی منظوری دی جا چکی ہے لیکن ابھی تک نئے بیڈ لائے نہیں گئے ہیں جیسے ہی نئے بیڈز آ جائیں گے تو مریضوں کو بیڈز پر منتقل کردیا جائے گا۔ صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی نے ایل آر ایچ میں سہولیات کی کمی کا نوٹس لے لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں سہولیات کے لئے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے بات کروں گا تاکہ مریضوں کو فوری طور پر طبی سہولیات کی فراہمی بہتر بنائی جا سکے۔

واضح رہے کہ ایل آر ایچ خیبر پختونخوا کا سب سے بڑا سرکاری اسپتال ہے اور اس کے ایمرجنسی وارڈ کا افتتاح خود تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔