راولپنڈی میں میٹرو بس پل سے پتھر گرنے سے راہگیر جاں بحق دوسرا شدید زخمی

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا ہے


ویب ڈیسک October 18, 2015
وزیراعظم نے چند ماہ قبل ہی 40 ارب سے رائد کی لات سے تیار ہونیوالے میٹرو بس منصوبے کا افتتاح کیا تھا۔ فوٹو: فائل

چالیس ارب روپے سے بھی زائد رقم سے تیار ہونے والے میٹرو بس منصوبے کو ابھی 6 ماہ بھی نہیں گزرے کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی کا پول کھلنا شروع ہو گیا اور میٹرو پل سے پتھر گرنے سے راہگیر جاں بحق جب کہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق میٹرو بس کے پل سے پتھر ٹوٹ کر موٹر سائیکل پر گرا جس کے نتیجے میں 2 نوجوان شدید زخمی ہوگئے، دونوں کو طبی امداد کے لئے ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جب کہ ڈاکٹرز کے مطابق دوسرے کی حالت بھی تشویشناک ہے۔

ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے میٹرو بس منصوبے کے چیرمین حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ جو حادثہ پیش آیا وہ انتہائی افسوسناک ہے لیکن ایسے حادثے یورپ اور امریکا میں بھی پیش آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میٹرو کے پل اور ستون مضبوط ہیں بس پلوں کی فلنگ کے دوران جو اضافی پتھر رہ جاتے ہیں وہ گرا ہے، میٹرو بس ویسے ہی چل رہی ہے جیسے پہلے چل رہی تھی اور روزانہ ایک لاکھ 30 ہزار لوگ سفر کر رہے ہیں۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا ہے اور میٹروبس حکام سے 7 روز میں رپورٹ طلب کر لی ہے، جو بھی واقعہ کا ذمہ دار ہوا اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ چند ماہ قبل ہی وزیراعظم نواز شریف نے راولپنڈی میں میٹرو بس منصوبے کا افتتاح کیا تھا جس پر 40 ارب روپے سے رائد کے اخراجات آئے تھے۔ میٹرو منصوبے پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سخت تنقید کی گئی تاہم حکومت کی جانب سے بھی بھرپور دفاع کرتے ہوئے منصوبے کو عوام کی خدمت اور تاریخی قرار دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں