کراچی حصص مارکیٹ میں پھر تیزی 41 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں

مقامی کمپنیوں نے بھی 18 لاکھ ڈالر کاسرمایہ لگایا ، سرمایہ کارسیاسی تبدیلی چاہتے ہیں، مبصرین


ایکسپریس July 17, 2012
مقامی کمپنیوں نے بھی 18 لاکھ ڈالر کاسرمایہ لگایا ، سرمایہ کارسیاسی تبدیلی چاہتے ہیں، مبصرین۔ فائل فوٹو

ملک میں قبل ازوقت انتخابات پر حکمران جماعت اور اپوزیشن میں اتفاق کی افواہوں، ایس ای سی پی کی جانب سے ترمیم کیپیٹل گینز ٹیکس قوانین جلد منظرعام پر آنے اور رواں ہفتے سے ریزلٹ سیزن شروع ہونے کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو ایک بار پھر تیزی کے اثرات غالب رہے جس سے 41 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں، جبکہ حصص کی مالیت میں 17 ارب4 کروڑ98 لاکھ25 ہزار829 روپے کا اضافہ ہوا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سرمایہ کارسیاسی حالات میں تبدیلی کے خواہاں ہیں اورانہیں توقع ہے کہ نئی حکومت ہی ملک کے اقتصادی پالیسیوں پر توجہ مرکوز کرے گی جس کے لیے قبل ازوقت انتخابات وقت کی اہم ضرورت ہے، پیر کو تیزی کے باوجود کاروباری حجم انتہائی محدود رہا جس سے اس امر کی نشاندہی ہوتی ہے کہ مارکیٹ میں اب بھی کھل سرمایہ کاری کا فقدان ہے، ٹریڈنگ کے دوران بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر 35لاکھ93 ہزار601 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا۔

لیکن اسکے باوجود تمام کاروباری دورانیے میں تیزی کے اثرات غالب رہے کیونکہ ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں کی جانب سے17 لاکھ84 ہزار158 ڈالراور مقامی کمپنیوں کی جانب سے 18 لاکھ9 ہزار443 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جس سے مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن رہا اور ایک موقع پر85.06 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی14400 کی حد بحال ہوگئی تھی لیکن فوری منافع کے حصول پر دبائو بڑھنے کی وجہ سے انڈیکس کی مزکورہ حد زیادہ دیر برقرار نہ رہسکی جسکے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس52.29 پوائنٹس کے اضافے سے 14384.58 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 42.93 پوائنٹس کے اضافے سے 12445.24 اور کے ایم آئی30 انڈیکس92.45 پوائنٹس کے اضافے سے24772.25 ہوگیا،

کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت34 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر7 کروڑ38 لاکھ52 ہزار233 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار357 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں145 کے بھائو میں اضافہ 113 کے داموں میں کمی اور99 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں رفحان میظ کے بھائو147.27 روپے بڑھکر3475 روپے اور یونی لیور فوڈ کے بھائو57.40 روپے بڑھکر2867.22 روپے ہوگئے جبکہ کولگیٹ پامولیو کے بھائو44.95 روپے کم ہوکر1195 روپے اور سیمینس پاکستان کے بھائو21.57 روپے کم ہوکر645 روپے ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں