احتساب کے نام پر سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائی نہ کی جائے آصف زرداری

پیپلزپارٹی تمام لوگوں کا احتساب چاہتی ہے، شریک چیرمین پاکستان پیپلزپارٹی


ویب ڈیسک October 19, 2015
پیپلزپارٹی تمام لوگوں کا احتساب چاہتی ہے، آصف زرداری - فوٹو:فائل

پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی تمام لوگوں کا احتساب چاہتی ہے لہٰذا احتساب کے نام پر سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائی نہ کی جائے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زارداری نے خیبرپختونخوا کے احتساب کمیشن کی جانب سے خاتون سینیٹر ستارہ ایاز کو ہراساں کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے میں احتساب کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کیا جارہا ہے جب کہ پیپلزپارٹی تمام لوگوں کا احتساب چاہتی ہے لہٰذا احتساب کے نام پر سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائی نہ کی جائے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا چند ہفتے قبل وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے حلقہ انتخاب سے خیبرپختونخواہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق وزیر لیاقت شباب کو بھی نشانہ بنایا گیا اس سے احتساب کی آڑ میں انتقام کا تاثر قائم ہوتا ہے جب کہ احتساب کو شفاف ہونا چاہیے اور شفافیت نظرآنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹٰی آئی نے اپنے صوبائی وزیر ضیااللہ آفریدی کو بھی کرپشن کے الزامات میں گرفتار کیا تو اس نے اسمبلی میں کھڑے ہوکر کہا کہ خیبرپختونخوا کی کابینہ کے کچھ افراد کرپشن اور اسمگلنگ میں ملوث ہیں، جس کے ثبوت بھی انہوں نے پیش کئے لیکن نہ تو کسی کے خلاف کوئی ایکشن لیا گیا اور نہ ہی تحقیقات کی گئیں۔

سابق صدر نے کہا کہ کے پی کے کے احتساب کمیشن اور سیاسی حکمران اس بات کا حساب دیں کہ وہ گزشتہ چند ماہ سے حزب اختلاف کے قانون سازوں کو گرفتار کررہے ہیں حالانکہ اس احتساب کمیشن کے قیام کا نوٹی فیکیشن ان قانون سازوں کی گرفتاری کے بعد جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دوران نہ تو ملک میں کوئی سیاسی قیدی تھا اور نہ ہی کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کی گئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں