بھارت میں پاکستانی شخصیات کے پروگرامز میں مداخلت کا نوٹس لے لیا دفتر خارجہ

ایسے واقعات روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، پاکستان کا بھارت سے مطالبہ

ایسے واقعات روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، پاکستان کا بھارت سے مطالبہ، فوٹو:فائل

RAWALPINDI:
پاکستان نے بھارت میں پاکستانی شخصیات کے پروگرامز میں مداخلت کا نوٹس لے لیا جب کہ بھارت سے ایسے واقعات روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارت میں پاکستانی شخصیات کے پروگرامز میں مداخلت کا نوٹس لے لیا ہے جب کہ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت میں حالیہ دنوں میں انتہا پسندانہ واقعات تسلسل سے ہوئے اور بھارت کی جانب سے کرکٹ بورڈ کے سربراہوں کی ملاقات منسوخ کرنا انتہا پسند جماعت کے احتجاج کا تسلسل ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ بھارت میں رونما ہونے والے واقعات روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔


واضح رہے مودی حکومت کے بعد بھارت میں ہندو انتہا پسند تنظیم شیوسینا کی جانب سے انتہا پسندانہ واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، بھارت میں پہلے گائے کو ذبح کرنے اور اس کا گوشت کھانے پر پابندی عائد کی گئی، پھر مسلمانوں پر گائے کا گوشت کھانے کا الزام لگا کر انہیں تشدد کرکے قتل کیا گیا جب کہ آج شیوسینا کے بلوائیوں نے پاکستانی کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار خان اور چیف ایگزیکٹو نجم سیٹھی کی بھارتی کرکٹ بورڈ میں موجودگی کے دوران دفتر پر دھاوا بول کر مذاکرات منسوخ کروادیئے اس کے علاوہ شہریار خان اور آئی سی سی ایلیٹ پینل کے پاکستانی امپائر علیم ڈار کو بھی دھمکیاں دی گئیں۔

دوسری جانب سے بھارت نواز آئی سی سی نے ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے اور پاکستانی امپائر علیم ڈار کو بھارت اور جنوبی افریقا کی سیریز میں امپائرنگ سے روک دیا ہے۔
Load Next Story