پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز نہیں ہوگی بھارتی میڈیا کا دعویٰ

چیرمین پی سی بی شہریار خان کی بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا سے ملاقات۔

کرکٹ کو سیاست نہ جوڑا جائے، نجم سیٹھی کا سوشل میڈیا پر پیغام

بھارتی انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے باوجود چیرمین پی سی بی شہریار خان نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا سے ملاقات کی جس میں کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی تاہم بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دسمبر میں کرکٹ سیریز نہیں ہوگی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان نے نئی دلی میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا سے ان کے گھرمیں ملاقات کی اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ شہریارخان اور ان کی اہلیہ ملاقات کے لیے آئے تھے اور یہ ایک غیر رسمی ملاقات تھی اس میں کرکٹ سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی جب کہ کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے بی سی سی آئی حکام حتمی فیصلہ کریں گے تاہم شیوسینا نے جو ممبئی میں کیا وہ بہت غلط ہے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز دسمبر میں نہیں ہوگی۔ گزشتہ روز 2 بار منسوخ ہونے والی ملاقات آج سخت سیکیورٹی میں ہوئی جس میں گزشتہ روز ہونے والے واقعات پر بھی بات ہوئی اور کرکٹ سیریز کے حوالے سے بات تو کی گئی مگر راجیو شکلا کے پاس اتنا اختیار نہیں ہے وہ کرکٹ سیریز منعقد کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرسکیں، اس لیے امکان یہی نظر آرہا ہے کہ دسمبر میں طے شدہ سیریز شاید نہ ہوپائے جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین، بی سی سی آئی چیف سوشانت منوہرسے بھی ملاقات کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو آج ہونے کا امکان ہے۔ بھارتی میڈیا نے کہا کہ بھارت ابھی پاکستان سے سیریز پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتا کیوں کہ اس حوالے سے کوئی بھی بات بھارتی شائقین کو مشتعل کرسکتی ہے جس کا اثر جنوبی افریقا سے سیریز میں نظر آسکتا ہے۔


دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی اب بھی پاک بھارت کرکٹ سیریز کے لیے بے چین دکھائی دیتے ہیں انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بھارت سے درخواست کی کہ کرکٹ کو سیاست نہ جوڑا جائے۔

واضح رہے گزشتہ روز انتہاپسند جماعت شیوسینا نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے آفس پر حملہ کرکے کرکٹ بورڈ حکام کی ملاقات منسوخ کرادی تھی جب کہ انہوں نے بھارتی امپائر علیم ڈار اور شہریارخان کو دھمکیاں بھی دیں جس کے پیش نظر آئی سی سی نے علیم ڈارکو جنوبی افریقا کے خلاف بقیہ میچوں میں امپائرنگ سے روک دیا جب کہ وسیم اکرم اور شعیب اختر نے بھی بھارتی رویہ پر احتجاجا دیگر میچوں میں کمنٹری کرنے سے انکار کردیا۔

https://www.dailymotion.com/video/x3acrfz_pak-vs-ind-series-cancelled_news
Load Next Story