پاکستانی خفیہ ہتھیار یاسر شاہ ہدف پر جھپٹنے کو تیار

مہمان سائیڈ کو ان کے پرانے دشمن شین وارن کی یاد تازہ کرادوں گا، اسپن اسٹار


AFP October 21, 2015
فٹنس مسائل سے نجات حاصل کرنے والے پاکستانی اسپنر یاسر شاہ بولنگ پریکٹس کررہے ہیں ۔ فوٹو : فائل

پاکستانی خفیہ ہتھیار یاسر شاہ ہدف پر جھپٹنے کو تیار ہیں،دوسرے ٹیسٹ میں انگلش بیٹنگ لائن تہس نہس کرنے کے خطرناک ارادے ظاہر کردیے، ان کا کہنا ہے کہ مہمان سائیڈ کو ان کے پرانے دشمن شین وارن کی یاد تازہ کرا دوں گا، 99 فیصد فٹنس حاصل ہوگئی، دوران بولنگ کسی قسم کی تکلیف محسوس نہیں کررہا۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ سے ابوظبی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو لیگ اسپنر یاسر شاہ کی خدمات فٹنس مسائل کی وجہ سے حاصل نہیں تھیں، اس مقابلے میں ٹیم کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم اب دوسرے ٹیسٹ میں یاسر شاہ کی واپسی ہورہی ہے، وہ فٹ ہونے کے بعد بھرپور پریکٹس کررہے اوراپنی لیگ اسپن بولنگ کی انگلش بیٹنگ لائن پر دھاک بٹھانے کو بے چین ہیں، یاسر مہمان ٹیم کو اس کے پرانے خطرناک دشمن شین وارن کی یاد تازہ کرانا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ میں نے ایشز میں شین وارن کو انگلینڈ کیخلاف اچھا پرفارم کرتے ہوئے دیکھا اور محسوس کیا کہ وہ لیگ اسپن بولنگ کا سامنا کرنے میں کمزور ہیں، میں نے وارن کی وہ ویڈیوز دیکھ کر انہی کی طرح نیٹس میں بولنگ کرنا چاہی، مجھے پوری امید ہے کہ ٹیم کی ضروریات پر پورا اتروں گا۔ یاسر شاہ نے کہا کہ میں مہمان سائیڈ کی لیگ اسپن بولنگ کیخلاف کمزوری سے بھرپور فائدہ اٹھاؤں گا، میں نے کبھی وارن کے ساتھ کام نہیں کیا مگر ان سے ملاقات ہوئی اور انھوں نے میری بولنگ میں موجود کمزوریوں کی نشاندہی کر دی، میں اس پر اب قابو پاچکا ہوں۔

اپنی فٹنس کے حوالے سے یاسر شاہ نے کہا کہ میں 99 فیصد فٹ ہوں، بولنگ اور فیلڈنگ پریکٹس میں حصہ لیا، مجھے کسی قسم کی کوئی تکلیف نہیں ہوئی، پہلا ٹیسٹ نہ کھیلنا میرے لیے مایوس کن تھا مگر اب دوسرے میچ کیلیے پوری طرح تیار ہوں۔ دوسری جانب کپتان مصباح الحق نے کہا کہ یاسر شاہ کی واپسی ہمارے لیے اچھی علامت ہے، ہم پہلے ٹیسٹ میں ان کی کمی شدت سے محسوس کرتے رہے، اب اسپن اٹیک مضبوط ہو جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں