فیفا صدارتی انتخاب 26 فروری کو ہی ہوں گے اصلاحات کا خاکہ پیش

عہدے پر فائز رہنے کی مدت 12 برس اور عمر 74 سال تک طے کرنے کی تجویز، مائیکل پلاٹینی کی نامزدگی روک دی گئی


Sports Desk/AFP October 21, 2015
عہدے پر فائز رہنے کی مدت 12 برس اور عمر 74 سال تک طے کرنے کی تجویز، مائیکل پلاٹینی کی نامزدگی روک دی گئی: فوٹو : فائل

ISLAMABAD: فیفا نے قیادت کیلیے اصلاحات کا خاکہ پیش کردیا، اقدامات سے فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی کے صدر کی مدت 12 سال اور عمر 74 برس پر محیط ہوسکے گی، 26 فروری ہی کو صدارتی انتخاب کی دوبارہ تصدیق کردی، مائیکل پلاٹینی کی فیفا چیف نامزدگی کوروک دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فیفا کی ایگزیکٹیو کمیٹی نے گذشتہ روز ابتدائی اصلاحی تجاویز کوسراہا ہے جس میں فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی کی صدارت کیلیے عمر کی حد 74 برس اور مدت کم از کم12 برس تک محدود کردیا گیا ہے، تجاویز باڈی کی ریفارم کمیٹی نے پیش کیں اور ان پر2 اور 3 دسمبر کی ایگزیکٹیو کمیٹی میٹنگ میں جائزہ لیا جائیگا۔ 1998 سے کرسی صدارت پر موجود 79 سالہ سیپ بلاٹر کے متبادل کیلیے 26 فروری 2016 کو آئندہ کانگریس اجلاس میں ووٹنگ کے ذریعے نئے صدر کا انتخاب ہوگا۔

سماجی رابطے کے آفیشل اکاؤنٹ پر فیفا نے تصدیق کی ہے کہ زیورخ میں 26 فروری 2016 کو ایک غیر معمولی انتخابی کانگریس میں نئے صدر کیلیے ووٹنگ کی جائیگی۔ اس سے معلوم ہوا کہ ممکنہ صدارتی امیدوار بلاٹر کے متبادل کے طور پر اپنی نامزدگی داخل کرسکتے ہیں۔

فٹبال کی گورننگ باڈی کو 9اکتوبر سے بحرانی صورتحال کا سامنا ہے جب ضابطہ اخلاق کمیٹی نے موجودہ صدر سیپ بلاٹر، سیکریٹری جنرل جیروم والکے اور مائیکل پلاٹینی کو جاری تحقیقات کی وجہ سے90 روزکیلیے معطل کردیا تھا، پلاٹینی کے ساتھ مئی میں ہونیوالے انتخاب میں بلاٹر سے ہارنے والے اردن کے پرنس علی بن الحسین اورسابق ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگوکپتان ڈیوڈ ناکھڈ نے آفیشل طور پر دوڑ میں شامل رہنے کا عندیہ دیا ہے۔

سابق سوئس فٹبالر رامون ویگا اوراے ایف سی چیف شیخ سلمان کا کہنا ہے کہ وہ فیفا کی صدارت کی دوڑ میں شامل ہونے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ زیورخ میں منگل کے غیر معمولی اجلاس میں فیفا کی ایگزیکٹیو کمیٹی اخلاقی کارروائیوں کیلیے مزید شفافیت پر بھی رضامند ہوگئی اور تصدیق کی کہ ان کے ضابطہ اخلاق میں ترمیم کی جائیگی،کمیٹی نے یہ بھی بتایا کہ جب تک یوئیفا چیف مائیکل پلاٹینی معطل ہیں ان کی فیفا صدارتی نامزدگی پر غور نہیں کیا جائیگا۔

فیفا انتخابی کمیٹی کے چیئرمین ڈومینیکو اسکالا نے ایگزیکٹیو کمیٹی کو بتایا کہ صدارتی امیدواروں نے وقت پر نامزدگیاں جمع کرائی ہیں، لیکن ان کا تعلق ایسے امیدواروں سے بھی ہے جنھیں فٹبال کی کسی بھی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر عارضی یا مستقل پابندی کا سامنا ہے، ایسے امیدواروں کی معطلی تک درخواستوں پر غور نہیں ہوگا۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ اگر پابندی 26 فروری کے انتخاب سے پہلے اٹھالی جائے یا ختم ہوجائے تو انتخابی کمیٹی اس کا فیصلہ کریگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں