گرل فرینڈ کو قتل کرنے والے پسٹوریس جیل سے رہا

پیرالمپک چیمپئن 5 برس کی سزا کے باقی4 سال اصلاحی نگرانی میں نظربند رہیں گے


Sports Desk/AFP October 21, 2015
پیرالمپک چیمپئن 5 برس کی سزا کے باقی4 سال اصلاحی نگرانی میں نظربند رہیں گے ۔ فوٹو : فائل

KARACHI: آسکر پسٹوریس کو جیل سے رہائی مل گئی، پیرالمپک چیمپئن کو سزا کے 5 میں سے 1 سال جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہنے کے بعد رہا کردیا گیا، بقایا 4 برس گھر پر نظر بند رہیں گے جہاں انھیں اصلاحی نگرانی میں رکھا جائیگا، میڈیا سے بچنے کی کوشش میں انھیں ایک دن قبل ہی جیل سے چھٹکارہ مل گیا، ایتھلیٹ کو اب بھی قتل کے جرم میں15 برس جیل کی اپیل کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیرالمپئن آسکر پسٹوریس کو پیرکی شب جیل سے رہا کردیا گیا، جنوبی افریقن آفیشلز کا کہنا ہے کہ اپنی دوست ریوا اسٹین کیمپ کو قتل کرنے کے جرم میں ایک برس جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزارنے کے بعد انھیں رہائی نصیب ہوئی ہے، عدالت کی جانب سے دی گئی 5 برس سزا کی بقایا مدت وہ اپنے چچا کے گھر میں نظر بند رہیں گے۔ یقین کیا جارہا ہے کہ انھیں سوئمنگ پول، سیٹیلائٹ ٹی وی اور بڑے باغوں کے ساتھ ایک ٹریننگ انتظامیہ رکھنے کی بھی اجازت ہوگی۔ میڈیا سے بچنے کیلیے ایتھلیٹ کو پریٹوریا کی جیل سے ایک روز قبل ہی رہا کردیا گیا، انھیں منگل کو رہائی ملنا تھی، 28 سالہ پسٹوریس کو اپنی سزا کا چھٹا حصہ گزارنے کے بعد پیرول پر ان کی اصل رہائی کی تاریخ سے کئی دنوں بعد رہا کیا گیا ہے۔

اصلاحی خدمات کے ترجمان مانیلیسی وولیلا کے مطابق آسکر پسٹوریس کو اصلاحی نگرانی میں رکھا جائیگا،کریمنل وکیل مارٹن ہوڈ کا کہنا ہے کہ پسٹوریس کو گاہے بگاہے پولیس کورپورٹ کرنا ہوگی، ان کے ڈرگ ٹیسٹس بھی لیے جائیں گے اور اصلاحی خدمات کے آفیشلز بھی کبھی کبھی انھیں دیکھنے آئیں گے، اگر انھوں نے ایسا نہ کیا تو وہ اصلاحی نگرانی کا استحقاق کھودیں گے اور واپس جیل جاسکتے ہیں،2013 ویلنٹائن ڈے کے موقع پر پسٹوریس نے29 سالہ ریوا اسٹین کیمپ کو اس وقت گولیاں ماری تھیں جب وہ باتھ روم میں تھیں، پسٹوریس کا موقف ہے کہ ان کی دانست میں باتھ روم میں کوئی چور تھا، بعد ازاں عدالت نے انھیں قتل خطا کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔

اسٹین کیمپ کے اہلِ خانہ کے خیال میں ایتھلیٹ کے ساتھ نرمی برتی گئی اور کوئی بھی سزا ان کی بیٹی کو واپس نہیں لاسکتی ہے۔ استغاثہ کی جانب سے ان کے مقدمے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر کی جانے والی اپیل کی سماعت 3 نومبر کو ہوگی، ان کا کہنا ہے کہ پسٹوریس کو قتل عمد کے جرم میں کم از کم 15 برس جیل کی سزا دی جانا چاہیے۔ دونوں ٹانگوں سے معذور 'بلیڈ رنر' کی عرفیت سے مشہور پسٹوریس بلوم فونٹین میں سپریم کورٹ اپیل میں خود پیش نہیں ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں