این اے122 ووٹوں کی مبینہ منتقلی پر الیکشن کمیشن نے تحقیقات شروع کر دیں

ریکارڈ طلب کرلیا،انکوائری کے بعدجوبھی نتیجہ نکلاوہ عوام کے سامنے لائیں گے


INP/Numainda Express October 21, 2015
سندھ میں پہلے مرحلے کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری،بلدیاتی انتخابات فوج،رینجرز کی نگرانی میں کرانے کے معاملے پراجلاس آج طلب فوٹو : فائل

لاہور: سیکریٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی درخواست پر این اے 122کے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی مبینہ منتقلی کے بارے باقاعدہ تحقیقات شروع کردی ہیں۔

انکوائری مکمل ہونے کے بعد جو بھی نتیجہ نکلا وہ عوام کے سامنے لائیں گے، منگل کوپولنگ عملے کی تربیت کے لیے بنائی گئی ویڈیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے رہنما چوہدری محمد سرور کی طرف سے لاہورسے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122میں ووٹوں کی منتقلی کا ریکارڈ طلب کرلیاگیا۔

ہم نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جوبھی نتیجہ نکلا وہ عوام کے سامنے لائیں گے،انھوں نے کہاکہ انتخابی ضابطہ اخلاق تمام پارٹیوں اور امیدواروں کے لیے بنایا جاتا ہے،ہمارے پاس ضابطہ فوجداری نہیں کہ ضابطہ اخلاق پر زبردستی عملدرآمدکروایا جا سکے، سیاسی جماعتوں ، امیدواروں اور ووٹروں پر بھی فرض ہے کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندی ممکن بنائیں،جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں پولنگ عملے کی تربیت کا آغاز کر دیاگیاجس سے آئندہ الیکشن میں پولنگ عملے کی کارکردگی پر انگلی نہیں اٹھائی جاسکے گی اوراس تربیت کے نتیجے میں عملے کی کارکردگی بڑھانے میں مدد ملے گی۔

علاوہ ازیں بلدیاتی انتخابات فوج اور رینجرز کی نگرانی میں کرانے کے معاملے پر عسکری اور الیکشن کمیشن کے حکام کااجلاس آج ( بدھ)کوطلب کرلیاگیا،ادھر الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی ہے ۔

منگل کوالیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی فہرست کے مطابق پہلے مرحلے میں سندھ کے 8اضلاع سکھر گھوٹکی، خیرپور ،لاڑکانہ شکارپور، جیکب آباد، کشمور، کندھکوٹ اور قمبرشہداد کوٹ میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے جن میں 10ہزار 87امیدوارحصہ لے رہے ہیں، پہلے مرحلے میں اب تک 707امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جن میں کشمور سے 118قمبرشہداد کوٹ 50،لاڑکانہ 38،سکھر 39،خیرپور 53،گھوٹکی 189،جیکب آباد 128اور شکار پورسے 92امیدوار شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں