پاکستان سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مارکیٹ بن چکا ہے وزیراعظم نوازشریف

پاکستان میں مہنگائی میں انتہائی کمی آچکی ہے اور پاکستان کی جی ڈی پی 4.2فیصد ہوگئی ہے، پاک امریکا بزنس فورم سے خطاب

پاکستان میں مہنگائی میں انتہائی کمی آچکی ہے اور پاکستان کی جی ڈی پی 4.2فیصد ہوگئی ہے، پاک امریکا بزنس فورم سے خطاب، فوٹو:فائل

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ امریکی تاجر پاکستان کے قابل اعتماد شراکت دار ہیں جب کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان گہرے تجارتی تعلقات ہیں اور امریکی کمپنیاں پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کررہی ہیں۔

پاک امریکا بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ امریکی تاجر پاکستان کے قابل اعتماد شراکت دار ہیں جب کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان گہرے تجارتی تعلقات ہیں اور امریکی کمپنیاں پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کررہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے جس کی وجہ سے پاکستان سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مارکیٹ بن چکا ہے تاہم پاکستانی مصنوعات کو امریکی منڈیوں تک رسائی کی زیادہ ضرورت ہے۔


نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی میں انتہائی کمی آچکی ہے اور پاکستان کی جی ڈی پی 4.2فیصد ہوگئی ہے، عالمی مالیاتی ادارے اور ریٹنگ ایجنسیاں ہماری کارکردگی کو سراہتی ہیں اور پاکستان کی معاشی بحالی کا اعتراف دنیا بھر میں کیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تھری جی اور فور جی اسپکٹرم کی شفاف نیلامی اور یو بی ایل، الائیڈ بینک اورپی پی ایل کے شیئرزکی نجکاری کی گئی اور اب اسپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاری کے اہم مواقع دیئے جارہے ہیں۔

نوز شریف نے کہا کہ پاکستان میں2007 کے مقابلے میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں جس نے پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہتر کردی ہے جب کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ بھی خطے میں ترقی کے لیے اہم ثابت ہوگا۔
Load Next Story