سوئیڈن میں تلوار اٹھائے شخص کا اسکول میں حملہ ٹیچر ہلاک

تلوار کے وار سے 2 طالب علموں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا

تلوار کے وار سے 2 طالب علموں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا، فوٹو: اے ایف پی

سوئیڈن میں تلوار ہاتھ میں اٹھائے شخص نے اچانک ایک اسکول پر دھاوا بول دیا اور کئی اساتذہ اور طالب علم اس کی زد میں آگئے جب کہ اس کے وار سے ایک استاد ہلاک بھی ہوگیا۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سوئیڈن کے جنوب مشرقی علاقے ٹرول ہیٹن کے اسکول میں ایک نقاب پوش شخص ہاتھ میں تلوار لیے داخل ہوگیا اور اس نے اسکول میں موجود استاذہ اور طالب علموں پر حملے شروع کردیئے جس کی زد میں آکر ایک ٹیچر ہلاک جب کہ 2 طالب علموں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔ محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ٹیچر کو تلوار کا گہرا زخم آیا جس کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جب کہ زخمی ہونے والے طالب علموں کی عمریں 6 سے 15 سال ہیں اور انہیں انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور کو قابو کرنے کے لیے اسے گولی مارنا پڑی جس سے وہ زخمی ہوگیا اور اسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور نے اسٹار وارز طرز کا نقاب پہنا ہوا تھا جسے دیکھ کر اسکول کے بچے اسے ہیلوون طرز کا لباس سمجھے اور اس شخص کے ساتھ تصویریں بنوانے لگے تاہم جب نقاب پوش شخص نے لوگوں پر تلوار سے حملہ شروع کردیا تو لوگ چیخ و پکار کرتے ہوئے بھاگنے لگے جب کہ اس دوران پولیس بھی یہاں پہنچ گئی اور اسے فائرنگ سے زخمی کرکے گرفتار کیا، واقعے کے وقت اسکول میں 400 بچے موجود تھے۔
Load Next Story