’’ویب دریچے‘‘ آپ کو بچوں کی پرورش میں مسائل کا سامنا ہے

اولاد کی اچھی تربیت کے طریقے بتاتی کچھ ویب سائٹس


Munira Adil October 25, 2015
اولاد کی اچھی تربیت کے طریقے بتاتی کچھ ویب سائٹس فوٹو : فائل

والدین کی اولین خواہش ہوتی ہے کہ اولاد کی بہترین تعلیم و تربیت کریں اور اس کو معاشرے کا کام یاب فرد بنائیں۔ پچھلے وقتوں میں مشترکہ خاندانی نظام ہونے کے سبب گھرانے کے بزرگ اس فریضے کی بہترین ادائیگی کرتے تھے۔ دادا دادی، نانا نانی کے زیرسایہ پروان چڑھنے والے بچے با ادب اور کام یاب ہوا کرتے تھے۔

ان کی گفتگو اور رویے سے ان کی تربیت اور تہذیب جھلکتی تھی۔ مگر فی زمانہ مشترکہ خاندانی نظام ٹوٹنے کے سبب اولاد کی پرورش سے لے کر تربیت تک ساری ذمے داری والدین کو نبھانی پڑتی ہے۔ گوکہ والدین حتیٰ الامکان کوشش کرتے ہیں کہ بہترین تعلیم و تربیت کے ساتھ بہترین پرورش کی جائے۔ لیکن اکثر چھوٹے چھوٹے مسائل میں الجھ جاتے ہیں۔ اولاد کی تربیت کے اکثر معاملات ان کو پریشان کیے دیتے ہیں۔ اسی لیے آج ہم چند ایسی ویب سائٹس کے متعلق بتا رہے ہیں جو والدین کے لیے مفید ثابت ہوں گی۔

٭www.parenting.com/child
والدین کی راہ نمائی کے لیے یہ بہت اچھی ویب سائٹ ہے۔ بچوں کی غذا، ان کی تربیت کے متعلق بے شمار مضامین اس ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ مختلف بیماریوں کے متعلق معلومات، بچوں کے ذہنی و نفسیاتی مسائل، تعلیم، رویے، بھرپور نیند، صحت بخش غذا، تحفظ اور ایسے ہی بے شمار دیگر موضوعات پر بچوں کے متعلق معلوماتی مضامین موجود ہیں۔

جو والدین کے لیے بہت سود مند ثابت ہوں گے۔ اس ویب سائٹ میں نومولود کی دیکھ بھال سے لے کر بچوں کی بڑھتی عمر کے ساتھ پیش آنے والے مسائل کے متعلق سیرحاصل معلومات دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں ماں، باپ تنہا والدین اور لے پالک بچوں کے والدین کے لیے بھی بے شمار مشورے اور تجاویز موجود ہیں۔ غرض بحیثیت مجموعی والدین کے لیے یہ ایک بہترین ویب سائٹ ہے۔

٭www.kids.lovetoknow.com
بچوں کے حوالے سے ان کی تربیت اور مختلف سرگرمیوں کے ذریعے ان کی مثبت مصروفیت کے لحاظ سے والدین کے لیے یہ ایک مفید ویب سائٹ ہے۔ ماہرین کی آرا کی روشنی میں مختلف مضامین تحریر کیے گئے ہیں۔

بچوں کی تعلیم و تربیت سے لے کر بچوں کی مختلف سرگرمیوں، ان کے لباس، بال، بچوں کے کھانے پکانے کی تراکیب وغیرہ وغیرہ غرض بچوں سے متعلق مختلف موضوعات پر والدین کی بہترین راہ نمائی کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی تنہا والدین کو پیش آنے والی مشکلات اور والدین کے منفی رویوں کا اولاد پر کیا اثر ہوتا ہے۔ ان موضوعات پر بھی مضامین موجود ہیں۔ غرض بہت سے ایسے رویے یا ایسے معاملات جن کو والدین نظرانداز کردیتے ہیں۔ اولاد کی نفسیات پر اس کے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ان مضامین کی روشنی میں بہترانداز میں سمجھایا گیا ہے۔ اولاد کی تربیت کے لحاظ سے یہ ایک بہترین ویب سائٹ ہے۔

٭www.parents.com/parenting
بچوں کو ادب آداب سکھانے سے لے کر ان کی عادات اور رویوں تک کے متعلق والدین کے لیے بہترین تجاویز اس ویب سائٹ میں موجود ہیں بے شمار موضوعات پر معلومات افزا مضامین اس ویب سائٹ میں موجود ہیں۔ بچوں کے لیے کون سی چھوٹی چھوٹی باتیں بہت اہمیت رکھتی ہیں، وہ کون سی معمول کی باتیں ہیں جو بچوں کی نفسیات پر برے اثرات مرتب کرتی ہیں، ملازمت پیشہ مائیں ملازمت اور گھریلو زندگی میں کس طرح توازن قائم رکھ سکتی ہیں، بچے کی مثبت شخصیت کی تعمیر میں کون سی باتیں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ یا وہ کون سی غلطیاں ہیں جو عموماً مائیں بچوں کو منظم رکھنے کی کوشش میں کرتی ہیں۔

ایسے بے شمار معلوماتی مضامین اس ویب سائٹ میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ والدین کے درمیان علیحدگی یا طلاق ہونے کی صورت میں بچوں کی تربیت، راہ نمائی، عمر کے مختلف ادوار سے گزرنے والے بچوں پر اس کے اثرات، بچوں کی تحویل کے مسائل، دو گھرانوں میں بٹے بچوں کی شخصیت، سوتیلے والدین کا کردار اور ایسے بہت سے مضامین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اس ویب سائٹ میں لے پالک بچوں کے متعلق بھی مضامین شامل ہیں۔ بچہ گود لینے سے قبل کی باتوں کا علم ہونا ضروری ہے۔

٭www.empoweringparents.com
یہ بھی والدین کے لیے بہترین ویب سائٹ ہے۔ اس میں اولاد کی تربیت کے حوالے سے ماہرین کے مضامین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ والدین کے بلاگ بھی موجود ہیں۔ بچوں کے رویوں میں بہتری اور بہترین تربیت کے لیے مختلف چارٹس بھی اس ویب سائٹ میں موجود ہیں۔ اور نہ صرف اولاد کی تربیت کے لیے بل کہ والدین کے لیے بھی خاصے مفید مضامین اس میں شامل ہیں مثلاً بچوں کے مستقبل کے لیے متفکر والدین، اولاد کے حوالے سے خوف کا شکار والدین، جارحانہ رویوں کے حامل بچوں کی تربیت کے لحاظ سے ماہرین کی رائے پر مشتمل مضامین اس ویب سائٹ میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ بچوں کا بدتمیزی، برا رویہ، لڑکپن کے دور میں ہونے والے ڈپریشن، بچوں کے ہوم ورک، بچوں کو وقت کا پابند کرنا وغیرہ۔ ایسے بے شمار مضامین اس ویب سائٹ میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بچوں کی تربیت کے ضمن میں والدین کو کس حکمت عملی سے کام لینا چاہیے۔

کن تکنیک پر عمل کرنا چاہیے۔ مختلف نفسیاتی بیماریوں کی بچوں میں تشخیص کس طرح کی جائے اور عمر کے مختلف ادوار میں بچوں کے رویے اور والدین کی راہ نمائی کے لیے مفید مضامین اس ویب سائٹ میں شامل ہیں والدین نے بھی بچوں کی پرورش کے لحاظ سے اپنے تجربات والدین کے بلاگ میں تحریر کیے ہیں۔ حقیقی زندگی میں اولاد کی پرورش اور تربیت کے لحاظ سے پیش آنے والے مسائل اور والدین کے تجربات پر مبنی یہ بے شمار بلاگ دیگر والدین کے لیے خاصے سودمند ثابت ہوں گے۔ اس کے علاوہ اس میں بچوں کے رویے میں بہتری، بچوں کے ہوم ورک مکمل کرانے اور شخصیت سازی میں معاون چارٹ بھی موجود ہیں، جن کے پرنٹ آؤٹ نکال کر بچوں سے اس پر عمل کروایا جاسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں