ڈی ایچ اے منصوبوں کو بہتر انداز میں مکمل کرے سیکریٹری دفاع

ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے کی بریفنگ، منصوبوں سے آگاہ کیا،سالانہ بجٹ کی منطوری۔


Staff Reporter October 23, 2012
ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے کی بریفنگ، منصوبوں سے آگاہ کیا،سالانہ بجٹ کی منطوری. فوٹو: اے ایف پی

سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) آصف یاسین ملک نے کہا ہے کہ ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی ملک کا سب سے بڑا اور نامور رہائشی ادارہ ہے جو اپنے رہائشیوں کو بہترین شہری سہولیات اور معیار زندگی فراہم کرنے کی شہرت رکھتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ڈی ایچ اے نے ہائوسنگ اور معاشرتی زندگی کے شعبوں میں جو اعلیٰ اہداف حاصل کیے ہیں وہ دوسرے اداروں کیلیے مشعل راہ ہیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے کورہیڈ کوارٹر کراچی میں ڈی ایچ اے کے 27 ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اعجاز چوہدری بھی موجود تھے۔

ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے بریگیڈیر محمد عبداللہ نے گورننگ باڈی کو ڈی ایچ اے کے مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی اور انھیں میگا منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا، سیکریٹری دفاع نے ڈی ایچ اے کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کو شفاف اور پیشہ وارانہ انداز میں مکمل کرے، انھوں نے سپرہائی وے پر نئے رہائشی وتجارتی منصوبے ڈی ایچ اے سٹی کراچی کو تیزی سے مکمل کرنے پر زور دیا، انھوں نے کہا کہ ڈی ایچ اے سٹی کراچی کا منصوبہ ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی کی بہترین تکنیکی منصوبہ بندی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا شاہکار ہے جسے اس انداز میں مکمل کیا جائے کہ مستقبل میں وہ نئے بننے والے شہروں کیلیے مشعل راہ ثابت ہو، سیکریٹری دفاع نے ڈی ایچاے کے مرکزی دفتر میں سینٹرل کنٹرول سیل کے قیام کو خوش آئند اور مثبت اقدام قرار دیا۔

جس کی وجہ سے رہائشیوں کو ڈی ایچ اے میں مکانات کی تعمیر کیلیے بلڈنگ پلان کی منظوری میں بہت سہولت ہوگئی ہے،انھوں نے ڈیفنس میں پانی کی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایچ اے کو ہدایت کی کہ بحران سے نمٹنے کیلیے منصوبہ بندی کی جائے، خصوصاً پانی کے ضیاع کو روکنے کیلیے حکمت عملی بنائی جائے، اس ضمن میں ضروری قوانین بنا کر مانیٹرنگ کے ذریعے خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے، گورننگ باڈی نے ڈی ایچ اے کے 2012-13 کے سالانہ ترقیاتی بجٹ کی منطوری بھی دیدی، گورننگ باڈی کو بتایا گیا کہ ڈی ایچ اے سٹی کراچی کی سپرہائی وے پر واقع سائٹ پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں