نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم عہدے سے مستعفیٰ

پی سی بی نے محمد اکرم کو پاک انگلینڈ سیریز کے دوران ٹی وی پر ماہرانہ تبصرے کرنے پر شوکاز نوٹس بھیجا تھا۔


ویب ڈیسک October 24, 2015
پی سی بی نے محمد اکرم کو پاک انگلینڈ سیریز کے دوران ٹی وی پر ماہرانہ تبصرے کرنے پر شوکاز نوٹس بھیجا تھا، فوٹو:فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی سی بی نیشنل اکیڈمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جب کہ ان کے نیشنل اکیڈمی سے معاہدے میں ابھی 3 ماہ باقی تھے۔ اس موقع پر محمد اکرم کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اہل خانہ کو وقت دینا چاہتے ہیں جو لندن میں مقیم ہیں جب کہ وہ کوچنگ کی وجہ سے لاہور میں ان سے دور رہتے ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز میں ٹی وی پر ماہرانہ تبصرے کرنے کی وجہ سے پی سی بی نے محمد اکرم کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی تھی جس پر ان کے بورڈ سے اختلافات پیدا ہوگئے تھے اور سابق بولنگ کوچ نے پی سی بی کو وضاحت دینے کے بجائے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

واضح رہے محمد اکرم چند ہفتے پہلے ہی پاکستان اے ٹیم کے کوچ بن کر متحدہ عرب امارات آئے تھے اور وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں جب کہ 41 سالہ محمد اکرم پاکستان کی جانب سے 9 ٹیسٹ اور 23 ون ڈے میچز بھی کھیل چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں