بھارت میں پاکستان مخالف مہم کے خلاف بھارتی شہری بھی آواز اٹھانے لگے

شہریوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر امن کا پرچار کرنے کیلیے پروفائل بنائی جس میں پاکستان سے محبت کا اظہار کیا


ویب ڈیسک October 24, 2015
شہریوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر امن کا پرچار کرنے کیلیے پروفائل بنائی جس میں پاکستان سے محبت کا اظہار کیا۔

بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے پاکستان مخالف جذبات کے خلاف اب بھارتی شہریوں کے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہوگیا ہے اور اب شہریوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر (ProfileforPeace#) ہیش ٹیگ کے نام سے مہم شروع کردی ہے جس میں پاکستان سے محبت کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان گزشتہ کئی مہینوں سے صورتحال کافی کشیدہ نظر آرہی ہے چاہے بات کنٹرول لائن کی ہو یا سفارتی سطح کے تعلقات کی، دونوں ہی سطح پر بھارت کی جانب سے پاکستان دشمن کے حدیں پار کی جارہی ہیں اور بالخصوص بھارت میں ہندو انتہا پسند تنظیم شیوسینا نے پاکستانیوں سمیت بھارت کے رہائشی مسلمانوں کے خلاف بھی محاذ کھول رکھا ہے۔

شیو سینا نے نہ صرف پاکستانی سیاستدانوں بلکہ فنکاروں اور کھلاڑیوں پر بھی بھارت کے دروازے بند کردیئے ہیں جب کہ بھارت کے رہائشی مسلمانوں کو طرح طرح کے الزامات لگا کر قتل بھی کیا جارہا ہے ایسے میں سیکولر ہونے والے دعوے دار بھارت کے شہری بھی اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

بھارت میں مودی سرکار کی مجرمانہ خاموشی اور شیوسینا کے ہتھکنڈوں پر اب بھارتی شہریوں نے اپنی آواز اٹھانا شروع کردی ہیں جس میں سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر پروفائل فار پیس (ProfileforPeace#) کے نام سے ہیش ٹیگ شروع کیا گیا ہے جس میں بھارتی شہریوں کی بڑی تعداد نے ہاتھ میں پرچی تھامے سمیت مختلف طریقوں سے امن کا پرچار کیا جس میں کہا گیا کہ ''ہم ہندوستانی ہیں اورپاکستان سے نفرت نہیں کرتے۔''



پاکستان مخالف جذبات کے خلاف شروع کی جانے والی اس مہم میں بھارت سے بے شمار لوگ پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کررہے ہیں جب کہ بھارت کے شہریوں کی اس محبت کے جواب میں پاکستانی بھی کسی سے پیچھے نہیں اور بھارت سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے اپنی تصاویر پوسٹ کی ہیں جن پر لکھا ہے کہ ہم پاکستانی ہیں اور بھارت سے محبت کرتے ہیں۔



واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پی سی بی کے چیر مین شہریار خان بھارت میں بھارتی کرکٹ حکام سے پاک بھارت کرکٹ کے سلسلے میں بات چیت کے لیے گئے تھے جہاں شیو سینا نے بی سی سی آئی کے دفتر پر دھاوا بول دیا تھا جب کہ شیو سینا کی جانب سے پاکستانی فنکاروں اور کھلاڑیوں کو بھی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں