بھارت میں پاکستان مخالف مہم کے خلاف بھارتی شہری بھی آواز اٹھانے لگے
شہریوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر امن کا پرچار کرنے کیلیے پروفائل بنائی جس میں پاکستان سے محبت کا اظہار کیا
پاکستان اور بھارت کے درمیان گزشتہ کئی مہینوں سے صورتحال کافی کشیدہ نظر آرہی ہے چاہے بات کنٹرول لائن کی ہو یا سفارتی سطح کے تعلقات کی، دونوں ہی سطح پر بھارت کی جانب سے پاکستان دشمن کے حدیں پار کی جارہی ہیں اور بالخصوص بھارت میں ہندو انتہا پسند تنظیم شیوسینا نے پاکستانیوں سمیت بھارت کے رہائشی مسلمانوں کے خلاف بھی محاذ کھول رکھا ہے۔
شیو سینا نے نہ صرف پاکستانی سیاستدانوں بلکہ فنکاروں اور کھلاڑیوں پر بھی بھارت کے دروازے بند کردیئے ہیں جب کہ بھارت کے رہائشی مسلمانوں کو طرح طرح کے الزامات لگا کر قتل بھی کیا جارہا ہے ایسے میں سیکولر ہونے والے دعوے دار بھارت کے شہری بھی اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
پاکستان مخالف جذبات کے خلاف شروع کی جانے والی اس مہم میں بھارت سے بے شمار لوگ پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کررہے ہیں جب کہ بھارت کے شہریوں کی اس محبت کے جواب میں پاکستانی بھی کسی سے پیچھے نہیں اور بھارت سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے اپنی تصاویر پوسٹ کی ہیں جن پر لکھا ہے کہ ہم پاکستانی ہیں اور بھارت سے محبت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پی سی بی کے چیر مین شہریار خان بھارت میں بھارتی کرکٹ حکام سے پاک بھارت کرکٹ کے سلسلے میں بات چیت کے لیے گئے تھے جہاں شیو سینا نے بی سی سی آئی کے دفتر پر دھاوا بول دیا تھا جب کہ شیو سینا کی جانب سے پاکستانی فنکاروں اور کھلاڑیوں کو بھی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔
https://www.dailymotion.com/video/x3ax2bt_indian-citizen_news