نئی دلی میں ہندو انتہا پسند جماعت شیوسینا کا پاکستانی فنکاروں کے اسٹیج ڈرامے پر دھاوا

شیوسینا کے غنڈوں نے فنکاروں کی پرفارمنس کے دوران پاکستان مخالف نعرے لگائے اور پاکستانی پرچم اتار دیا

شیوسینا کے غنڈوں نے فنکاروں کی پرفارمنس کے دوران پاکستان مخالف نعرے لگائے اور پاکستانی پرچم اتار دیا، فوٹو:فائل

ہندو انتہا پسند جماعت شیوسینا نے پاکستان فنکاروں کے اسٹیج ڈرامے پر دھاوا بولتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔

بھارت میں ہندو انتہا پسند تنظیم شیوسینا پاکستان دشمنی کی حدیں پار کررہی ہے، پے در پے پاکستان مخالف اقدامات کے بعد ایک بار پھر شیوسینا کے غنڈوں نے پاکستانی فنکاروں کی تقریب پر دھاوا بول دیا۔ نئی دلی کے گڑ گاؤں میں شیوسینا کے کارکنوں نے پاکستانی فنکاروں کو اسٹیج ڈرامے میں پرفارم کرنے سے روک دیا، شیوسینا کے غنڈوں نے تھیٹر میں گھس کر ہنگامہ آرائی کی اور فنکاروں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جس کے باعث تھوڑی دیر کے لیے اسٹیج ڈرامے کو روکا گیا۔


شیوسینا کے کارکنوں نے فنکاروں کی پرفارمنس کے دوران پاکستان مخالف نعرے بھی لگائے اور پاکستانی پرچم اتار دیا جب کہ تھیٹر انتظامیہ نے ہنگامہ کرنے والے شیوسینا کے کارکنوں کو بھگا دیا جس کے بعد پاکستانی فن کاروں نے بعد میں پرفارمنس پوری کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ممبئی میں شیوسینا کی جانب سے معروف پاکستانی غزل گائیک استاد غلام علی کو دھمکیاں دی گئیں تھیں جس کے بعد ان کا کنسرٹ منسوخ کردیا گیا تھا جب کہ پاکستانی اداکار فواد خان اور مارہ خان کو بھی دھمکیاں دی گئیں۔
Load Next Story