بھارتی فورسزکی شکرگڑھ سیکٹرمیں بلا اشتعال فائرنگ 2 بچے جاں بحق اور20افراد زخمی

مکوال گاؤں میں ایک مکان پر 2 مارٹر گولے گرنے سے 2 بھائی عبد الستار اور عبدالجبار زخمی ہو گئے۔

گزشتہ روز بھی بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے ایک شخص زخمی ہو گیا تھا۔ فوٹو: فائل

بھارتی فورسز کی جانب سے گزشتہ 3 روز سے ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلسہ جاری ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔



بھارتی فورسز کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے اور بھائی جان سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 10 سالہ بچی صبا جاں بحق ہوگئی جب کہ شکرگڑھ سیکٹر میں بھارتی فوج کی گولہ باری کی زد میں آکر 10 سالہ ہی عقیل شہید اور 20 افراد زخمی ہوگئے۔ بھارتی فورسز نے جن علاقوں کو نشانہ بنایا ان میں جگوال سیکٹر، مکوال سیکٹر، کول چک بیکا سیکٹر، ابیال ڈوگر سیکٹر، بڑا بھائی سیکٹر اور سکھمال سیکٹر شامل ہیں۔ بھارتی فوج کی فائرنگ کا چناب رینجرز کی جانب سے بھرپور منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے۔




مکوال سیکٹر میں ایک مکان پر 2 مارٹر گولے گرنے سے 2 بھائی عبد الستار اور عبدالجبار زخمی ہوگئے۔ دونوں زخمیوں کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ دیگر زخمیوں میں اشرف، حیدر، ساجد، فیصل اور دو خواتین حمیدہ اور راشدہ بھی شامل ہیں، گزشتہ روز بھی بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے ایک شخص زخمی ہو گیا تھا۔



دوسری جانب ڈی سی او نارووال نجف اقبال نے انتظامی افسران کے ہمراہ بھارتی فوج کی فائرنگ اور گولہ باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جس کے بعد مرکز صحت میں میڈیکل کیمپ اور یوسی آفس میں وٹرنری کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد بار بھارتی فورسز ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کر کے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر چکی ہیں جس کے ثبوت اقوام متحدہ اور امریکا کو بھی فراہم کئے جاچکے ہیں۔
Load Next Story