پاک بھارت کرکٹ سیریز کے لئے ماحول سازگار نہیں بھارتی بورڈ

پاک بھارت سیریز کے لئے پاکستانی حکومت کو نئی دلی سے بات کرنی چاہیئے، سیکرٹری بی سی سی آئی


ویب ڈیسک October 25, 2015
پاک بھارت سیریز کے لئے پاکستانی حکومت کو نئی دہلی حکومت سے بات کرنی چاہیئے، سیکرٹری بی سی سی آئی۔ فوٹو:فائل

FAISALABAD: بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کے لئے ماحول سازگار نہیں تاہم پاکستانی حکومت کو بھارتی حکومت سے بات کرنی چاہیئے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم سے خوفزدہ بھارت نے دوطرفہ سیریز کے تمام چراغ بچھا دیئے اور بی سی سی آئی کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر نے صاف کہہ دیا کہ پاک بھارت سیریز کے لئے ماحول سازگار نہیں اور خاص طور پر موجودہ حالات میں پاک بھارت سیریز نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے دوطرفہ سیریز کے لئے پاکستان کو ہی مشورہ دیا کہ پاکستانی حکومت کو نئی دہلی حکومت سے پاک بھارت سیریز کے لئے بات چیت کرنی چاہیئے اور دونوں حکومت کے درمیان مذاکرات کے بعد ہی سیریز کا امکان ہے۔

دوسری جانب چیئرمین پی سی بی دسمبر میں ہونے والی پاک بھارت سیریز کے لئے اپنے ہم منصب کی دعوت پر گزشتہ ہفتے بھارت گئے اور دونوں سربراہاں کرکٹ بورڈ کے درمیان ملاقات جاری تھی کہ ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے غنڈوں نے اچانک دھاوا بول دیا جس کے بعد میٹنگ منسوخ کرنا پڑا جس کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت سیریز کے انعقاد پرٹال مٹول سے کام لینا شروع کردیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان معاہدہ کے تحت 8 سال کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان 6 سیریز ہونا تھیں لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رواں سال کے اختتام پر ہونے والے سیریز سے منہ موڑ لیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔