ناران کے قریب گلیشئیر گرنے سے سڑک پھر بند

آرمی چیف کی ہدایت پر 200 جوانوں پر مشتمل پاک فوج کا دستہ سیاحوں کو ریسکیو کرنے پہنچ گیا ہے


ویب ڈیسک October 26, 2015
شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مظفر آباد کا زمینی راستہ دوسرے شہروں سے منقطع مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ہدایت پر پاک فوج کی جانب سے ناران میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کے لئے امدادی کام جاری ہیں تاہم سیاحتی مقام کے قریب گلیشئیر گرنے سے سڑک ایک مرتبہ پھر بند ہوگئی۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ہدایت پر 200 جوانوں پر مشتمل دستہ ناران میں برفباری کے باعث سیاحوں کو ریسکیو کرنے پہچ گیا ہے جس میں 20 ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پاک فوجی کی جانب سے این ڈی ایم اے کو ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر بھی فراہم کیا گیا ہے جو ناران میں پھنسے خواتین اور بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرے گا۔

ناران اور کاغان میں شدید برفباری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو گیا ہے جس کے باعث سیاح ہوٹلوں اور گاڑیوں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ دوسری جانب ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے اتھارٹی ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ ناران روڈ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے جب کہ اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی ہدایت پر سیاح رات کو اپنی گاڑیاں سڑک کنارے کھڑی کر کے ہوٹلوں میں چلے گئے تھے، گاڑیاں سڑک پر پارک ہونے کی وجہ سے ٹریفک بحال نہیں ہو سکی ہے تاہم سیاحوں کے لئے مساجد کے ذریعے اعلانات کروائے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی گاڑیاں سڑک سے ہٹائیں اور ٹریفک کی روانی بحال ہو سکے۔

این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو ہوٹلوں میں مفت رہائش فراہم کی جا رہی ہے جب کہ 50 غیر ملکی سیاحوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے تاہم خراب موسم کے باعث ریسکیو آپریشن شروع کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، جیسے ہی موسم میں بہتری آئے گی تو ریسکیو آپریشن شروع کردیا جائے گا۔

دوسری جانب آزاد کشمیر میں تین روز سے جاری شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مظفر آباد کا زمینی راستہ دوسرے شہروں سے منقطع مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے۔ مظفر آباد راولپنڈی شاہرہ کوہالہ کے مقام سے بند ہو گئی ہے جب کہ نیلم شاہراہ، لیپہ روڈ، باغ، حویلیاں روڈ بھی برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی مقامات سے بند ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں کو نیلم اور لیپہ کی طرف سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ ناران اور کاغان میں 2 روز قبل شروع ہونے والی غیر متوقع برفباری کے باعث سیکڑوں سیاح پھنس گئے تھے جب کہ ایندھن ختم ہونے اور غذائی قلت کے باعث سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں