پاکستان نے دبئی ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 178 رنز سے شکست دے دی

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 4، ذوالفقار بابر 3، عمران خان 2 اور وہاب ریاض نے ایک وکٹ حاصل کی۔


ویب ڈیسک October 26, 2015
پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں اسد شفیق اور دوسری میں یونس خان نے سنچری اسکور کی۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے دبئی ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 178 رنز سے شکست دے کر 3 میچز پر مشتمل سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو جیت کے لئے 491 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 312 رنز پر پویلین لوٹ گئی، یوں قومی ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میں 178 رنز سے فتح نصیب ہوئی۔ انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں جوئے روٹ 71، عادل رشید 61 اور این بیل 46 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 4، ذوالفقار بابر 3، عمران خان 2 اور وہاب ریاض نے ایک وکٹ حاصل کی جب کہ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر وہاب ریاض کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل انگلش ٹیم نے کھیل کے پانچویں روز اپنی نامکمل اننگز130 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو جوئے روٹ 59 اور جونی بریسٹو 6 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے لیکن پاکستان کی جانب سے تباہ کن بولنگ کے سامنے انگلش بلے باز سہم کر کھیلتے رہے اور 159 کے مجموعی اسکور پر جوئے روٹ 71 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد جونی بریسٹو بھی 22 رنز بنا کر چلتے بنے۔ آٹھویں وکٹ پر اسٹارٹ براڈ اور عادل رشید کے درمیان 60 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور ٹیم کا مجموعہ 223 تک پہنچا تو براڈ 30 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد مارک ووڈ اور عادل رشید نے میچ بچاتے ہوئے نویں وکٹ پر 55 رنزجوڑے لیکن وہ بھی میچ نہ بچا سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں