دنیا میں آنے والے خوفناک زلزلوں کی تباہی تاریخ کے آئینے میں

12 جنوری 2010 کو ہیٹی میں تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں 3 لاکھ سے زائد افراد جاں بحق ہوئے

27 جولائی 1976 میں جاپان میں تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں ڈھائی لاکھ سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔ فوٹو:فائل

قدرتی آفات سے دنیا میں ہمیشہ ہولناک تباہی آتی رہی ہے جس سے لاکھوں لوگ لقمہ اجل بنتے رہے ہیں لیکن ان آفات میں خوفناک زلزلوں سے بڑے پیمانے پر تباہی نے بستیوں کی بستیاں اجاڑ دیں اور چند لمحوں میں لاکھوں لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور شاید ہی دنیا کا کوئی خطہ اس تباہی سے متاثر ہوئے بغیر رہا ہوگا۔

1908 اٹلی میں: 28 دسمبر 1908 میں اٹلی کے علاقے میسینا میں ہونے والے تباہ کن زلزلے سے ایک لاکھ سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جب کہ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 7.2 ریکارڈ کی گئی۔ ایک سروے کے مطابق اس زلزلے سے اس شہر کی 40 آبادی فیصد لقمہ اجل بن گئی تھی۔

1920 چین میں: 16 دسمبرکو چین کے علاقے ہائیوان میں آنے والے اس زلزلے نے پورے صوبے کو ہلا کر رکھ دیا جس کی شدت 7.8 تھی جب کہ اس سے 2 لاکھ سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے اور ایک شہر سجیاہ صفحہ ہستی سے مٹ گیا۔

1923 جاپان میں: یکم ستمبرکو جاپان کے علاقے کانٹو میں آنے والے اس زلزلے کے نتیجے میں ایک لاکھ 42 ہزار سے زائد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ اس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.9 تک ریکارڈ کی گئی اور اس ہولناک زلزلے نے 6 لاکھ 94 ہزار گھروں کو تباہ کردیا تھا۔

1927 چین میں: اس ہولناک زلزلے کی شدت 7.9 تھی جس میں 2 لاکھ سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے جب کہ لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے۔

1948 روس میں: 5 اکتوبر کو روس کی ریاست ترکمانستان کو خوفناک زلزلے نے اپنا نشانہ بنایا اور اس خطرناک زلزلے سے آن کی آن میں ایک لاکھ 10 ہزار افراد جاں بحق ہوگئے۔


1970 پیرو میں: 31 مئی کو پیرو کے علاقے چیمبوٹ میں آنےو الے 7.9 شدت کے اس زلزلے نے 70 ہزار افراد کو ابدی نیند سلا دیا جب کہ لاکھوں لوگ گھروں سے محروم ہوگئے۔

1976 چین میں: 27 جولائی کو چین کے علاقے تینگشان میں آنے والے اس زلزلے کی ریکٹر اسکیل پر شدت 7.5 ریکارڈر کی گئی تھی جس میں 2 لاکھ 55 ہزار افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

2004 انڈونیشیا میں: 26 دسمبر 2004 میں سماٹرا انڈونیشیا میں آنے والے سونامی کی ریکٹر اسکیل پر شدت 9.1 ریکارڈ کی گئی تھی جب کہ اس میں 2 لاکھ 27 ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور 17 لاکھ لوگ بے گھر ہوئے جب کہ اس زلزلے نے 14 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

2005 پاکستان میں: 8 اکتوبر کوپاکستان کے شمالی علاقوں میں آنے والے اس ہولناک زلزلے میں 86 ہزار سے زائد افراد زندگی سے محروم ہوگئے جب کہ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 7.6 ریکارڈ کی گئی۔

2008 چین میں: 12 مئی کو آنے والے اس ہلاکت خیز زلزلے میں 85 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جب کہ اس زلزلے نے بنگلا دیش، تائیوان، تھائی لیند اور ویتنام کو بھی متاثر کیا۔

2010 ہیٹی میں: 12 جنوری 2010 میں ہیٹی میں آنے والا زلزلہ ہلاکتوں کے لحاظ سے دنیا کا خوفناک ترین زلزلہ ہے جس کی شدت 7 تھی جبکہ اس میں 3 لاکھ 16 ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 3 لاکھ 30 ہزار سے زائد گھروں سے محروم ہوگئے۔
Load Next Story