پاکستان کی جیت پر حنیف محمد بھی خوشی سے سرشار

دبئی ٹیسٹ یادگار ثابت ہوا، انگلش ٹیل اینڈرز نے خوب مزاحمت کی، سابق کپتان


Sports Reporter October 27, 2015
میزبان بولرز نے حریف ٹیم کو ڈرا کا ارمان پورا نہ کرنے دیا، نفسیاتی برتری مل گئی فوٹو: فائل

پاکستان کی جیت پرسابق ٹیسٹ کپتان حنیف محمد بھی خوشی سے سرشار ہیں،انھوں نے کہاکہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم نے سنسنی خیز انداز میں فتح حاصل کی، یہ ایک یادگار میچ تھا جو میزبان نے اپنے نام کیا، انگلش ٹیل اینڈرز خاص طور پر عادل رشید پُر اعتماد انداز میں کریز پر رک کر اپنی ٹیم کو ناکامی سے بچانے کی بھرپور کوشش کرتے رہے۔

دبئی ٹیسٹ کے اختتام پر نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف محمد نے کہا کہ پاکستان کی میچ پر پہلے ہی روز سے گرفت مضبوط رہی جبکہ انگلینڈ کو دباؤ سے نکلنے کا موقع نہ ملا، پہلی اننگز میں مہمان سائیڈ کو242 رنز پر ڈھیر کرنے میں نمایاں کردار ادا کرنے والے وہاب ریاض کی عمدہ کارکردگی کو خوب سراہنا چاہیے، ہمارے بیٹسمین بھی عمدہ کھیل پیش کرنے میں کامیاب رہے۔

میچ کے آخری دن قوی امکان تھا کہ پاکستان کامیابی سے ہمکنار ہوجائے گا لیکن یہ فتح اتنی آسان ثابت نہ ہوئی، بولرز حریف بیٹسمینوں کو آؤٹ کرنے کی جان توڑ کوشش کرتے رہے،پہلی اننگز میں 4وکٹیں لینے والے یاسر شاہ دوسری باری میں بھی اتنے ہی شکار کرکے اپنی ذمہ داری نبھانے میں کامیاب رہے،ذوالفقار بابر نے بھی عمدہ بولنگ کی۔

دوسری جانب انگلینڈ کی تاریخ رہی ہے کہ اس نے کئی مواقعوں پر متوقع شکست کو پرے دھکیلا، اس میچ میں بھی ٹیل اینڈرز میچ کو ڈرا کی طرف لے جانے کی بھر پور کوشش کرتے رہے۔

عادل رشید نے بھی کوئی رعایت نہ برتی ، ایک موقع پر ایسا لگا بھی تھا کہ شاید میچ ڈرا ہوجائے لیکن پاکستان کو فتح نصیب ہوئی، پوری قوم کو یہ کامیابی مبارک ہو،حنیف محمد نے کہا کہ اس جیت سے پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف نفسیاتی برتری حاصل ہوگئی،مہمان سائیڈ کی بھی کوشش ہوگی کہ وہ یکم نومبرسے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کو جیت کر سیریز برابر کرلے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں