آئی بی کے 50کروڑ ہماری حکومت گرانے کیلئے استعمال ہوئے ثبوت دونگا شہباز شریف

آزاد کمیشن میں خود کو احتساب کے لیے پیش کروں گا،کرپشن ثابت ہوئی تو گھر چلا جائوں گا،وزیراعلیٰ پنجاب

حاجیوں کی جیبیں کاٹنے، سیف سٹی، رینٹل پاور پروجیکٹ میں ہونے والی کرپشن کا ذکر بھی آئیگا، ملتان اور بہاولنگر میں خطاب۔ فوٹو : آئی این پی

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ سر آنکھوں پر' اُسے تسلیم کرتے ہیں مگر زرداری کی ایف آئی اے کے ہاتھوں انکوائری منظور نہیں۔


ایسے ادارے کی تحقیقات کو نہیں مانیں گے جس کا سربراہ جھوٹوں کا آئی جی ہو، نیک اور دیانت دار افراد پر مشتمل آزادکمیشن بنایا جائے میں خود کو احتساب کے لیے پیش کرونگا، اگر کرپشن کا الزام ثابت ہوا تو استعفیٰ دے کر گھر چلا جائونگا۔وہ گزشتہ روز زکریا یونیورسٹی میں گرین ٹریکٹر اسکیم کے تحت خوش نصیبوں میں چابیاں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ زرداری صاحب سن لو سوئٹزر لینڈ کے بینکوں میں جمع قوم کے اربوں روپے واپس لائیں گے، تحقیقات کے لیے آزاد کمیشن بنایا جائے جس میں پاک باز اور ایماندار افراد ہوں۔ میں سپریم کورٹ میں پیش ہونگا اور بتائونگا کس طرح آئی بی کے 50 کروڑ روپے مسلم لیگ کی حکومت کو گرانے کے لیے استعمال کیے گئے، پیپلز پارٹی والے روز ڈھونگ رچاتے ہیں مگر کرپشن کا ایک الزام بھی ثابت نہ کرسکے۔

اب وقت آگیا ہے اور فیصلہ بھی آگیا ہے ہمیں علی بابا اور 40 چوروں کو بھگانا ہوگا اور وطن کا دیا جلانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جب آزاد کمیشن تحقیقات کرے گا تو سوئس بینکوں میں پڑے زرداری کے اربوں ڈالر کی بھی تحقیقات ہو گی، حاجیوں کی جیبیں کاٹنے اور سیف سٹی کے ساتھ ساتھ رینٹل پاور پراجیکٹ میں ہونے والی کرپشن کا ذکر بھی آئے گا ' این آئی سی ایل اسکینڈل اور 2009 میں ایک منتخب حکومت ختم کر کے ارکان اسمبلی کی منڈی لگانے کیلیے مختص کیے گئے 50کروڑ کا حساب بھی دینا ہو گا، فلائی اوورز کے نام پر جس طرح قومی دولت کو لوٹا گیا اُس کا حساب بھی مانگا جائے گا۔

Recommended Stories

Load Next Story