ہڑتال پرچھوٹے تاجروں میں اختلافات شدت اختیارکرگئے
کراچی تاجراتحادکا ایک گروپ چیمبر،دوسراایف پی سی سی آئی کاحامی
شہر میں بدامنی پر تاجروں کی ہڑتال کے معاملے پرچھوٹے تاجروں کے اختلافات شدت اختیار کرگئے۔اسٹریٹ پاورکاحامل کراچی تاجراتحاددھڑے بندی کاشکارہے۔
ایک گروپ کراچی چیمبر جبکہ دوسراایف پی سی سی آئی کوسپورٹ کررہاہے جس سے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کیخلاف تاجروں کااحتجاج آغازسے قبل ہی غیرموثر ہوگیاہے۔ تاجر اتحاد کے رہنما عتیق میر وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے پلیٹ فارم سے احتجاج کے فیصلے میں شریک ہوئے جس میں حکمراں اتحاد میں شامل جماعتوں کے مسلح گروپوں پر شہر میں قتل وغارت میں ملوث ہونے کاالزام لگایاگیا جبکہ وائس چیئرمین جمیل احمدپراچہ نے کراچی چیمبرکی قیادت سے ہاتھ ملاتے ہوئے اسمال ٹریڈرزچیمبرآف کامرس کے قیام کیلیے جدوجہد کااعلان کردیا ہے۔
وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت نے بدامنی کیخلاف8نومبر جبکہ کراچی چیمبر آف کامرس نے10نومبر کوہڑتال کاالٹی میٹم دیاہے۔کراچی کے مختلف بازاروںکی تجارتی انجمنیں یکے بعددیگرے کراچی چیمبرکے پلیٹ فارم سے دی جانیوالی کال کی حمایت کررہی ہیںتاہم کراچی تاجراتحادکے وائس چیئرمین اوراولڈسٹی ایریاٹریڈرز الائنس کے چیئرمین جمیل احمدپراچہ نے کراچی چیمبرکی قیادت سے ہاتھ ملانے کے باوجود ہڑتال کاحصہ نہ بننے کااعلان کردیاہے۔ذرائع کے مطابق کراچی تاجر اتحاد کی قیادت میں جاری سردجنگ عروج پر پہنچ گئی ہے ایک جانب سے جمیل احمد پراچہ اور اسماعیل لائل پوریا کو معطل کرکے اتحادسے خارج کرنے اوردوسری جانب جمیل احمد پراچہ کی قیادت میں نیاگروپ تشکیل دینے پرغورکیاجارہاہے۔
اس حوالے سے رابطہ کرنے پر جمیل احمد پراچہ نے کہاکہ کراچی تاجر اتحاد نے چھوٹے تاجروں کے الگ چیمبر کے قیام کی جدوجہد کی تھی تاہم تاجراتحادکوایف پی سی سی آئی کی بی ٹیم بنادیا گیا۔کراچی میں چھوٹے تاجروں کے مسائل جوں کے توں موجود ہیں،بعض عناصر چھوٹے تاجروںکے نام پرسیاست کاحصہ بن گئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ تاجروں کی اکثریت کسی ہڑتال کا حصہ نہیں بنناچاہتی اس لیے کراچی کے حالات پر ہر سطح کے پرامن احتجاج کا حصہ بننے کو تیار ہیں ۔ جمیل پراچہ نے بتایاکہ کراچی چیمبرکے رہنماسراج قاسم تیلی نے اسمال چیمبرکے قیام کیلیے کراچی چیمبر کے پلیٹ فارم سے ہر ممکن سپورٹ کی یقین دہانی کرائی ہے جس کا چھوٹے تاجروں نے بھرپور خیرمقدم کیا ہے انھوںنے کہاکہ بعض عناصرکراچی میں چھوٹے تاجروں اوربھتہ خوروں کے درمیان بھتے کی ڈیل فکس کراتے ہوئے بھتاخوروں کے بیٹرکاکرداراداکررہے ہیں۔
جلد ہی ایک پریس کانفرنس کرکے تاجروں کے خون کاسودا کرنیوالے عناصرکے چہروںسے نقاب اٹھایاجائیگا۔ ادھرآل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز نے 3نومبرکوگورنرہائوس اور وزیراعلیٰ ہائوس کے باہراحتجاجی دھرنے کا اعلان کیاہے۔ محمود حامد کے مطابق تین ماہ کے دوران 2400افراد کا قتل حکومت کیلیے سوالیہ نشان ہے۔ 70 فیصد محصولات دینے والے شہرکے باسیوں کو تحفظ نہ ملاتو ٹیکسوں کی ادائیگی روک دیںگے۔انھوں نے کراچی چیمبر کی جانب سے 10نومبر کوہڑتال کی حمایت کااعلان کیا۔ کراچی الیکٹرانکس اینڈ اسمال ٹریڈرزایسوسی ایشن کے چیئرمین محمدعرفان نے ایف پی سی سی آئی کی جانب سے 8نومبر کی ہڑتال کی کال کی حمایت کرتے ہوئے الیکٹرانکس بازار 8نومبر کو بند رکھنے کا اعلان کیاہے۔ادھر کراچی کے چھوٹے تاجروں کا ایک اور اجلاس میریٹ روڈ ٹریڈرز الائنس کے دفتر میں منگل کوطلب کیاگیا ہے جس میں شہر کے مختلف علاقوں کے بازاروں کی انجمنوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔