غیرملکی سرمایہ کاری پر53فیصدزائدمنافع بیرون ملک منتقل

بیوریجز سے 4کروڑ 52 لاکھ ڈالر اور کمیونی کیشن سیکٹر سے 3کروڑ 26 لاکھ ڈالر کا منافع بیرون ملک منتقل کیا گیا۔

بیوریجز سے 4کروڑ 52 لاکھ ڈالر اور کمیونی کیشن سیکٹر سے 3کروڑ 26 لاکھ ڈالر کا منافع بیرون ملک منتقل کیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

غیرملکی سرمایہ کاری پر حاصل شدہ منافع کی پاکستان سے باہر منتقلی پہلی سہ ماہی میں 52.6فیصد تک زائد رہی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے ستمبر کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے غیرملکی سرمایہ کاروں نے مجموعی طور پر35کروڑ 94 لاکھ ڈالر کا منافع بیرون ملک منتقل کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں منتقل کیے جانے والے 23کروڑ 55 لاکھ ڈالر منافع سے 12کروڑ 40 لاکھ ڈالر زائد ہے۔


رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سے 31کروڑ 21 لاکھ ڈالر جبکہ غیرملکی نجی سرمایہ کاری سے حاصل شدہ 4کروڑ 73لاکھ 50ہزار ڈالر کا منافع بیرون ملک منتقل کیا گیا، اس عرصے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 21کروڑ 62 لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سے 20 کروڑ 87 لاکھ ڈالر جبکہ نجی سرمایہ کاری سے 2کروڑ 68 لاکھ ڈالر کا منافع بیرون ملک منتقل کیا گیا تھا۔

اس عرصے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 20کروڑ 7 لاکھ ڈالر رہی تھی، جولائی تا ستمبر 2015 کے دوران تیل و گیس کی تلاش کے شعبے سے 7کروڑ ڈالر، فنانشل بزنس سے 6 کروڑ 68 لاکھ ڈالر، پاور سیکٹر سے 5کروڑ 33 لاکھ ڈالر، بیوریجز سے 4کروڑ 52 لاکھ ڈالر اور کمیونی کیشن سیکٹر سے 3کروڑ 26 لاکھ ڈالر کا منافع بیرون ملک منتقل کیا گیا۔
Load Next Story