کاروباری ماحول پاکستان کی پوزیشن میں 10 درجے تنزلی

برازیل کی پوزیشن 111سے 116، جنوبی افریقہ کی 4درجے گھٹ کر 73ویں اور روس کی 3 درجے بہتری سے 51ویں ہوگئی، رپورٹ

برازیل کی پوزیشن 111سے 116، جنوبی افریقہ کی 4درجے گھٹ کر 73ویں اور روس کی 3 درجے بہتری سے 51ویں ہوگئی، رپورٹ۔ فوٹو: فائل

ورلڈ بینک نے کاروبار کے لیے دنیا میں بہترین مقام کے حوالے سے 189ممالک کی درجہ بندی پر مشتمل اپنی تازہ رپورٹ ''ڈوئنگ بزنس 2016'' جاری کردی ہے جس میں پاکستان گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 درجے تنزلی کے بعد 128 ویںسے 138 ویں پوزیشن پر آگیا ہے، سب سے زیادہ ابتری سرحدپارتجارت کے اشاریے میں آئی جبکہ بھارت کی رینکنگ 4 درجے اضافے سے 130 ویں اور چین کی پوزیشن میں 6 درجے بہتری کے بعد 84 ہوگئی۔


رپورٹ میں چھوٹی اور درمیانے حجم کی کمپنیوں کے لیے ریگولیٹری ماحول کا تجزیہ کیا گیا ہے تاکہ یہ دیکھاجاسکے کہ کاروبار کے آغاز سے لے کر تعمیراتی اجازت ناموں، بجلی کنکشن کے حصول، ٹیکسوں کی ادائیگیوں جائیداد کی رجسٹری، ٹھیکوں، لیبر مارکیٹ ریگولیشنز، اقلیتی سرمایہ کاروں اور سرحدپار تجارت کرنے تک یہ ریگولیٹری ماحول معاون ثابت ہوتا ہے یا رکاوٹوں کا باعث بن رہا ہے۔ رپورٹ میں گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی سنگاپور کو کاروبار کے لیے دنیا کی سب سے بہترین جگہ قرار دیا گیا ہے۔ تازہ رپورٹ میں معیار سے متعلق ڈیٹا کی بنیاد پر سال 2015 اور 2016 کی درجہ بندی کے لیے سرفہرست 10ممالک میں معمولی تبدیلی ہوئی ہے، سوئیڈن 1 درجے بہتری کے بعد نویں سے آٹھویں نمبر پر آگیا ہے جبکہ ناروے 1 درجے تنزلی کے بعد نویں پوزیشن پر چلاگیا ہے جبکہ دوسرے نمبر پر نیوزی لینڈ، تیسرے پر ڈنمارک، چوتھے پر جنوبی کوریا، پانچویں پر ہانگ کانگ، چھٹے پر برطانیہ اور ساتویں پر امریکا کی پوزیشن پر برقرار ہے جبکہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی 10واں نمبر فن لینڈ کا ہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق برازیل کی پوزیشن 111سے 116، جنوبی افریقہ کی 4درجے گھٹ کر 73ویں اور روس کی 3 درجے بہتری سے 51ویں ہوگئی۔ ورلڈ بینک کے مطابق 189 میں سے 122 ممالک کے ریگولیٹری فریم ورکس میں بہتری آئی، گزشتہ سال ترقی پذیر معیشتوں میں سے 85 نے 169 اصلاحات پر عملدرآمد کیا جبکہ امیرملکوں نے 62 فیصد کے اضافے سے 231 اصلاحات متعارف کرائیں۔ ورلڈ بینک کے مطابق سب سے زیادہ بہتری لانے والے ممالک میں کوسٹا ریکا 58، یوگنڈا 122، کینیا 108، قبرص47، ماریطانیہ 168، ازبکستان 87، قازقستان 41، جمیکا64، سینیگال153 اور بنین 158ویں پوزیشن کے ساتھ شامل ہے جبکہ کاروبار کے لیے بدترین جگہ اریٹیریا ہے، ہیٹی کا نمبر 182واں اور وینزویلا کا 186 واں ہے۔
Load Next Story