بیکار فلم کا ’’شاندار‘‘ نام

اگر واقعی آپ کے پاس وقت ہے اور کوئی فضول فلم دیکھ کر اسے برباد کرنا چاہتے ہیں تو ’’شاندار‘‘ دیکھ لیجئے۔


فلم کے لئے لکھے گئے بے جان ڈائیلا گز شاہد کپور اور عالیہ بھٹ کی اداکاری پر کافی حد تک اثر انداز ہوئے۔

فلم کے بعض مناظر دیکھ کر تو یوں لگا جیسے کہ فلم جلد بازی میں فلمائی گئی ہو۔۔۔۔ فلم کے لئے لکھے گئے بے جان ڈائیلاگز شاہد کپور اور عالیہ بھٹ کی اداکاری پر کافی حد تک اثر انداز ہوئے۔



رومینٹک کامیڈی طرز کی اس فلم کی کہانی وِکاس بھیل اور موسیقی امت تریویدی نے ترتیب دی ہے، جبکہ فلم کی مرکزی کاسٹ میں شاہد کپور، عالیہ بھٹ، شاہد کپور کے والد پنکج کپور، سنجے کپور، ثنا کپور، کرن جوہر، سشما سیٹھ اور دیگر شامل ہیں اور اگر یوں کہا جائے کہ کپور خاندان نے ''اوور ایکٹنگ'' کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے تو غلط نہ ہوگا۔

فلم کے گانوں کی بات کریں تو مجموعی طور پر 7 گانے شامل کئے گئے ہیں جن میں کچھ کو تو زبردستی فلم میں ٹھونسا گیا ہے۔



فلم کے گانے گلابو اور نزدیکیاں کو عوام نے پسند کیا ہے، تاہم سینٹی والی مینٹل نامی گانا فلما کر جو پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے اس سے بہت کم ہی لوگ متاثر ہوسکیں گے.

فلم کی کہانی مجموعی طور پر ایک بزنس ڈیل کو بچانے کے گرد گھومتی ہے جہاں شاہد کپور یعنی جگجندر جوگیندر عرف جے جے مرکزی کردار میں نظر آئے ہیں۔

عالیہ بھٹ جو کہ فلم میں بھی عالیہ ہی ہیں اور ثنا کپور یعنی ایشا یہ دونوں پنکج کپور یعنی وپن کی بیٹیاں ہیں، گھر کی کرتا دھرتا سشما سیٹھ جن کے بینک اکاؤنٹس خالی پڑے ہوتے ہیں ایک بزنس ڈیل کے لیے سنجے کپور یعنی مسٹر فنڈوانی کو بلاتی ہیں، بزنس ڈیل کو مکمل کرنے کے لیے طے پاتا ہے کہ ایشا اور روبن جو کہ فنڈوانی کا بھائی ہے، دونوں کی شادی کردی جائے، بس پھر فلم کی کہانی اسی شادی کے گرد گھومنے لگ جاتی ہے، جہاں شاہد کپور دونوں خاندانوں کے درمیان اچھے روابط قائم رکھنے کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔



اپنے بیشتر ریویوز میں، میں کہانی کا کلائمکس نہیں لکھتا اور چاہتا ہوں کہ شائقین اسے سینما میں دیکھیں، لیکن فلم شاندار دیکھنے سے بہتر ہے کہ آپ دنیا کو کوئی بھی فضول ترین کام کرلیں۔ ایک اور چیز کو قابلِ ذکر ہے وہ یہ کہ سنگھ از بلنگ سمیت حالیہ ریلیز ہونے والی بھارتی فلمیں محض عجلت میں فلمائی جارہی ہیں۔

بہرحال بزنس ڈیل کے لیے آئے مسٹر فنڈوانی خود بھی کنگلے ہیں اور ان کا بھائی رابن جسے اپنے ساڑھے 8 پیکس پر ناز ہے ایشا کو اس وجہ سے پسند نہیں کرتا کہ وہ کافی موٹی ہے، لیکن مجبوراً اسے یہ شادی کرنا پڑ رہی ہے۔ دوسری جانب جے جے اور عالیہ کی لو اسٹوری چل رہی ہے جہاں بس صرف فلیش بیک اور بیکار مکالمے فلم کا حصہ ہیں جبکہ عالیہ کے والد وپن ان دونوں کی لو اسٹوری میں اپنی اوور ایکٹنگ کرتے دکھائی دئیے ہیں، فلم میں کرن جوہر، ایشا اور رابن کی مہندی میں جلوہ گر ہوئے ہیں جہاں وہ ''مہندی ود کرن'' نامی شو کرتے نظر آئے ہیں۔



ایسی فلم کا اختتام بھی آپ سوچ ہی سکتے ہیں کیا ہوگا، بزنس ڈیل نہیں ہو پاتی اور بکھری ہوئی اس کہانی کو ہیپی اینڈنگ کے ذریعے سمیٹنے کی ناکام کوشش کی جاتی ہے، جہاں دونوں بچیوں کے والد انہیں ہیلی کاپٹر میں لیکر ڈیلز کی دنیا سے دور چلے جاتے ہیں۔

اگر واقعی آپ کے پاس وقت ہے اور کوئی فضول فلم دیکھ کر اسے برباد کرنا چاہتے ہیں تو ''شاندار'' دیکھ لیجئے ورنہ انتظار کیجئے کیونکہ پاکستانی فلموں ''ہومن جہاں'' اور ''کوئٹہ'' کی ریلیز میں ابھی وقت ہے، ہاں البتہ جیمز بانڈ سیریز کی ''اسپیکٹرے 007'' اور بھارتی فلم ''تماشہ'' سے بھی اچھے بزنس کی توقع کی جارہی ہے۔

فلم شاندار نے ریلیز کے 4 روز میں 33.51 کروڑ انڈین روپوں کا بزنس کیا ہے جو ظاہر کرتا ہے کہ فلم فلاپ ہے اور فلمی حلقوں میں اسے بے جان اسکرپٹ اور بے تکے انداز میں پیش کیے جانے پر کافی تنقید کا سامنا ہے۔

فلم کو دیکھنے کے بعد کم از کم میری تو یہی رائے ہے کہ اگر فلم کا نام ''شاندار'' کے بجائے بیکار رکھ دیا جاتا تو بہتر تھا۔

[poll id="736"]

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں