سعودی عرب میں شدید بارشوں کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا حادثات میں 6 افراد جاں بحق
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے شمالی علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب نے کئی علاقوں میں تباہی مچادی جس میں 2 بچوں سمیت 6 افراد جان کی بازی ہارگئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق طائف کے علاقے وادی شیعب میں سیلابی پانی میں ڈوب کر 2 بچے اور ان کی ماں جاں بحق ہوگئے۔ شمالی سرحد کی سول ڈیفنس کے حکام کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں بچوں کی لاشوں کو تلاش کررہی ہیں تاہم اسی خاندان کے باقی 3 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث کئی سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے اور تیز ہواؤں اور ریت کے طوفان کے باعث حد نگاہ بھی انتہائی کم ہوگئی ہے جب کہ بارشوں کے بعد سول ڈیفنس ٹیموں اور دیگر اداروں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔ بارشوں کے باعث حدیثہ کی جانب جانے والی شاہراہ بند کردی گئی ہے جب کہ ایجوکیشن ڈائریکٹر کی ہدایت پر اس علاقے میں اسکولوں کو بھی بند کردیا گیا ہے۔