سوتی دھاگے کی درآمد پر10 فیصد ڈیوٹی عائد ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح03 فیصد برقرار

وزیر خزانہ اسحق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں ود ہولڈنگ ٹیکس میں7 نومبر تک توسیع کی منظوری دی گئی


Numainda Express October 30, 2015
عارضی نقل مکانی کرنیوالے افرادکو دسمبر 2015 تک 2 ارب 56 کروڑ 90 لاکھ روپے کی گندم تقسیم کی جائے گی، فوٹو: فائل

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سوتی دھاگے اورکاٹن کے گرے وپروسیسڈ فیبرکس کی درآمد پر 10 فیصد درآمدی ڈیوٹی عائدکردی ہے جس کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگا جب کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح 7 نومبر تک 0.3 فیصد رہے گی۔

کمیٹی نے اس کی بھی منظوری دے دی، کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)کا اجلاس وزیر خزانہ اسحق ڈار کی زیر صدارت ہوا، کمیٹی نے فاٹا اور خیبر پختونخوا کے عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے افراد کے لیے عالمی ادارہ خوراک کو64 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کی منظوری دی ہے جس کے تحت عارضی نقل مکانی کرنے والے افرادکو دسمبر 2015 تک مجموعی طور پر 2 ارب 56 کروڑ 90 لاکھ روپے مالیت کی گندم تقسیم کی جائے گی۔

کمیٹی میں یہ بھی فیصلہ کیا گیاکہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2015 میں توسیع کیلیے قومی اسمبلی سے رجوع کیا جائے گا جس کے تحت 15 نومبر تک 0.3 فیصد رعایتی ود ہولڈنگ ٹیکس کا اطلاق رہے گا، ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ چونکہ ای سی سی کے پاس رعایتی ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذمیںصرف 7 دن تک توسیع دینے کا اختیار ہے۔

اس لیے 7 نومبر تک توسیع کی ای سی سی نے منظوری دی ہے، اس کے بعد کی توسیع کیلیے قومی اسمبلی سے آرڈیننس میں توسیع کروائی جائے گی، ای سی سی نے تھر مٹیاری ٹرانسمیشن لائن منصوبے کیلیے 18 ارب روپے کی مالی معاونت کیلیے خود مختار حکومتی ضمانت دینے کی بھی منظوری دے دی ہے جبکہ ای سی سی نے کاٹن یارن اورکپڑے کے درآمد پر10فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کی بھی منظوری دی ہے جس کا بنیادی مقصد مقامی صنعت کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

اس کے علاوہ ای سی سی نے پاور ہولڈنگ ایجنسی پرائیویٹ لمیٹڈ کیلیے نیشنل بینک سے 15 ارب روپے کی فنانسنگ حاصل کرنے کیلیے حکومتی ضمانت دینے کی بھی منظوری دے دی ہے، مذکورہ گارنٹی آخری 2 سال کیلیے ہوگی جس میںمزید ایک سال کی توسیع کی جا سکے گی، اس کے علاوہ ای سی سی نے ایک ہزار سے 12 سو میگاواٹ فی منصوبہ تک کے حویلی بہادر شاہ ضلع جھنگ اور ضلع قصور میں کمبائنڈری سائیکل پاور پلانٹس لگانے کے حوالے سے لیٹر آف کریڈٹ کیلیے حکومتی گارنٹی فراہم کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں