عمران خان کے بہت سے رازوں کا امین ہوں لیکن وعدہ خلافی نہیں کر سکتا مفتی سعید

ایک لاکھ روپے حق مہر مقرر ہوا تھا جو اسی وقت ادا کردیا گیا تھا، مفتی سعید


ویب ڈیسک October 30, 2015
کنٹینر پر نکاح کے حوالے سے مفتی سعید کا کہنا تھا کہ اب گڑھے مردے اکھاڑنے کا کیا فائدہ۔ فوٹو: فائل

عمران خان اور ریحام کا نکاح پڑھانے والے مفتی سعید کا کہنا ہے کہ وہ عمران خان کے بہت سے رازوں کے امین ہیں لیکن کوئی بیان میڈیا میں دے کر وعدہ خلافی نہیں کرسکتا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے مفتی سعید کا کہنا تھا کہ عمران اور ریحام کی طلاق کی خبر انتہائی افسوسناک ہے لیکن لوگوں کو اس معاملے پر احتیاط سے کام لینا چاہیئے کیونکہ یہ معاملہ کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بہت سارے رازوں کا امین ہوں لیکن عمران خان سے وعدہ کیا ہے اس لئے اس معاملے پر کچھ نہیں بولوں گا۔

عمران اور ریحام کی شادی کے حق مہر کے حوالے سے مفتی سعید کا کہنا تھا کہ نکاح کے وقت حق مہر شاید ایک لاکھ روپے طے ہوا تھا جو اسی وقت ادا ہو گیا تھا۔ کنٹینر پر نکاح کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں مفتی سعید کا کہنا تھا کہ اب گڑھے مردے اکھاڑنے سے کیا فائدہ۔

واضح رہے کہ عمران خان اور ریحام خان کا نکاح جنوری میں مفتی سعید نے پڑھایا تھا اور نکاح کے بعد مفتی سعید کے مدرسے میں ہی ولیمے کی سادہ سی تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں دونوں نے طالبعلموں کے ساتھ کھانا کھایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں