نیشنل انشورنس کمپنی کی دبئی میں عمارت پرکروڑوں اڑادیے گئے

قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف کارروائی کیلیے وزیر اعظم کو سمری بھیج دی گئی۔

قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف کارروائی کیلیے وزیر اعظم کو سمری بھیج دی گئی۔ فوٹو ڈیزائن: جمال خورشید/ فائل

ISLAMABAD/لاہور:
وزارت تجارت کے ذیلی ادارے نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ کی اعلیٰ بیوروکریسی نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دبئی کی عمارت پر تزئین و آرائش اور دیگر اخراجات کی مد میں کروڑوں روپے خرچ کر ڈالے، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف کارروائی کیلیے وزیر اعظم کو سمری بھیج دی گئی۔

آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیاکہ نیشنل انشورنس کمپنی نے 4 کروڑ 33 لاکھ 70 ہزار روپے دبئی فنانشل انٹرنیشنل سینٹر کی عمارت کی تزئین و آرائش پر خرچ کیے جس کا مقصد ظاہر کیا گیا کہ عمارت کو تزئین و آرائش کے بعد کرائے پر دیا جائیگا لیکن مینجمنٹ دبئی جیسی شاندار مارکیٹ میں بھی عمارت کو کرائے پر دینے پر ناکام رہی جس سے 14کروڑ 92 لاکھ سے زائد کا نقصان ہوگیا۔


رپورٹ کے مطابق نااہل اعلیٰ افسران نے این آئی سی ایل کے ایکٹ کی خلاف ورزی کر کے یہ قدم اٹھایا اور مجموعی طور قومی خزانے کو 19کروڑ 24لاکھ کا نقصان پہنچایا گیا۔ آڈٹ حکام کے مطابق این آئی سی ایل ایکٹ 1976کے تحت کارپوریشن ایسی کاموں میں قومی خزانے کو استعمال کرے گی جب بورڈ اس کو مکمل فٹ قرار دے گا، اسی طرح بعض دیگرمعاملات بھی ہیں لیکن مینجمنٹ نے رولز کی خلاف ورزی کی۔

حکام نے یہ معاملہ کمپنی مینجمنٹ کے سامنے اٹھایا اور اجلاس میں غورکے بعدحکم دیا گیا کہ معاملے کو وزیر اعظم کو بھجوایا جائے تاکہ وزیر اعظم عمارت کو جلدرینٹ آؤٹ کرا کے معاملہ حل کریں اور قواعدکی خلاف ورزی وقومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔
Load Next Story