آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا صدرممنون حسین

دہشت گردی سے ملک کے تمام علاقے متاثر ہوئے اور معیشت کو غیر معمولی نقصان پہنچا، صدر ممنون حسین


ویب ڈیسک October 31, 2015
پاکستان خطے کے تمام ملکوں کے ساتھ بہترین دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے، صدر ممنون حسین فوٹو: فائل  

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

بھوربن میں مینجمنٹ اکاؤنٹس کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے کے تمام ممالک خاص طورپرہمسایہ ملکوں کے ساتھ بہترین دوستانہ تعلقات کا خواہش مند ہے تاکہ ہمارا خطہ خوش حال ہو سکے اورانتہا پسندی کا بھی خاتمہ ہوسکے۔ خطے میں ہونے والی جنگوں اور دہشت گردی کی وجہ سے ملک کے تمام علاقے متاثر ہوئے اور معیشت کو غیر معمولی نقصان پہنچا۔ اس صورت حال کی اصلاح کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت کارروائی کی ضرورت تھی، حکومت نے اسی مقصد کے لیے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے قلع قمع کے لیے ملک کے مختلف حصوں میں آپریشن شروع کیا اور فیصلہ کیا کہ یہ کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔ صدرمملکت نے توقع ظاہرکی کہ اس قومی مقصد کے حصول کے لیے پاکستانی قوم اور خاص طور پر ٹیکنو کریٹس حکومت اور مسلح افواج کا ہاتھ بٹائیں گے۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ خطے کے حالات اوربعض مقامی مسائل کی وجہ سے گزشتہ چند دہائیوں کے دوران قومی معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے جس کے نتیجے میں اقتصادی سرگرمیاں متاثراورعوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ حکومت کے جرات مندانہ اقدامات کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار حالات پیدا ہورہے ہیں۔

صدرمملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہ داری جیسے ہی فعال ہوگی پاکستان میں مقامی اورغیرملکی کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جنہیں لانے اورکامیاب بنانے کے لیے ہمیں کاروباراورمعیشت کو پائیداربنیادوں پرمستحکم کرنے کے لیے ملک کو مختلف شعبوں کے ماہرین کی ضرورت ہوگی جس کے لیے پاکستان کے پیشہ ورانہ اورتعلیمی اداروں کو ابھی سے تیاری شروع کردینی چاہئے۔ یہ منصوبہ اتنا اہم ہے کہ اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے وسط ایشیا کے ملکوں نے ابھی سے تیاری شروع کردی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں